لاہور( نمائندہ سپورٹس) پاکستان کے ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ وہ اپنی ریٹائرمنٹ کے حتمی فیصلے سے قبل بھارت کے ساتھ ایک سیریز کھیلنے کے خواہشمند ہیں۔ سب کی طرح وہ بھی پاکستان۔بھارت سیریز دیکھنا اور کھیلنا چاہتے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ میری خواہش ہے کہ ریٹائر ہونے سے قبل بھارت کے خلاف ایک سیریز کھیلوں اور جہاں تک میری ریٹائرمنٹ کا تعلق ہے تو میں نے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ انگلینڈ جانے کا فیصلہ کیا تو میں وہاں مکمل طور پر تیار ہوکر جاﺅں گا اور اپنی ٹیم کو وہاں کے چیلنج کے لیے تیار دیکھنا چاہوں گا۔ ہماری ٹیم کہیں بھی جیتنے کی قابلیت رکھتی ہے۔یو اے ای میں پاکستان کے ساتھ جاری ون ڈے سیریز میں انگلینڈ کی کامیاب واپسی پر حیران نہیں۔ انگلینڈ کی ون ڈے ٹیم بہت اچھی ہے اور وہ ہر قسم کی کنڈیشنز میں اچھی کارکردگی دکھانے کی اہلیت رکھتی ہے مگر میں جانتا ہوں کہ پاکستان تیسرے میچ میں مضبوط واپسی کرے گا۔
مصباح الحق کو یہ بھی لگتا ہے کہ پاکستان کے نوجوان کھاڑیوں میں ٹیلنٹ تو بہت ہے مگر انہیں انٹرنیشل کرکٹ میں جگہ بنانے کے لیے زیادہ باشعور ہونے کی ضرورت ہے۔