ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ: آصف،شہرام اور عبدالستار بھی ناک آﺅٹ مرحلے میں پہنچ گئے

Nov 15, 2015

لاہور (نمائندہ سپورٹس) مصر میں جاری آئی بی ایس ایف ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ میں پاکستانی کیوئسٹس محمد آصف، شہرام چنگیزی اور عبدالستار بھی ناک آﺅٹ مرحلے میں پہنچ گئے۔ سجاد پہلے ہی مسلسل چار میچ جیت کر ناک آﺅٹ مرحلے کیلئے ٹکٹ کٹوا چکے ہیں۔ عبدالستار نے بھی مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی۔ آصف اور سجاد مسلسل چار جبکہ عبدالستار دو فتوحات کے ساتھ ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہیں۔ شہرام کو اب تک ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ مصر میں جاری میگا چیمپئن شپ میں ہفتہ کو کھیلے گئے گروپ ٹی میں پاکستانی کیوئسٹ شہرام چنگیزی نے عمدہ کارکردگی کی بدولت حریف یمن کے پلیئر احمد صلومی کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 4-0 فریمز سے زیر کر کے تیسری کامیابی حاصل کی اور اس کے ساتھ ہی ناک آﺅٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا، چنگیزی ایونٹ میں اپنا آخری گروپ میچ آج اتوار کو ہانگ کانگ کے پلیئر کے خلاف کھیلیں گے۔ گروپ وی کے ایک میچ میں پاکستان کے محمد آصف نے شاندار کھیل کی بدولت حریف جنوبی افریقن کیوئسٹ عبدالمطلب کو سخت مقابلے کے بعد 4-2 فریمز سے زیر کر کے مسلسل چوتھی کامیابی سمیٹی اور اس کے ساتھ ہی ناک آﺅٹ مرحلے کیلئے بھی ٹکٹ کٹوا لیا، آصف ایونٹ میں آج اتوار کو اپنا پانچواں اور آخری میچ حریف تیونس کے کیوئسٹ کے خلاف کھیلیں گے۔ گروپ جے میں پاکستان کے عبدالستار نے حریف آسٹرین پلیئر کو با آسانی 4-0 فریمز سے ہرا کر مسلسل دوسری کامیابی سمیٹی اور اس کے ساتھ ہی ناک آﺅٹ مرحلے میں جگہ بنا لی۔

مزیدخبریں