لاہور(نمائندہ سپورٹس) آٹھویں مینز جونیئر ایشیا ہاکی کپ میں پاکستانی ٹیم نے بنگلہ دیش کو 3-1 گولز سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔ مبشرعلی، بلال قادر اور رانا ریاض نے گول سکور کر کے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ گرین شرٹس ایونٹ میں اپنا دوسرا میچ آج کوریا کے خلاف کھیلے گی۔ دفاعی چیمپئن ملائیشیا، بھارت اور کوریا نے اپنے اپنے میچز جیت لئے۔ گزشتہ روز ملائیشیا میں شروع ہونے والے ایونٹ میں کھیلے گئے میچز میں ملائیشیا نے چین، بھارت نے جاپان اور کوریا نے عمان کو شکست دے دی ۔ گروپ اے کے میچ میں میزبان ملائیشین ٹیم نے چین کو با آسانی 4-0 گولز سے زیر کر کے ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا، اسی گروپ کے دوسرے میچ میں بھارت نے جاپان کو 2-1 گولز سے زیر کیا، گروپ بی کے ایک میچ میں کوریا نے عمان کو با آسانی دو کے مقابلے میں پانچ گولز سے شکست دی۔