حکومت 2018ء تک لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کے وعدے پر قائم ہے: عابد شیر

Nov 15, 2016

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) حکومت 2018ء تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے وعدے پر قائم ہے۔ 2017ء تک کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ چالو ہونے کے ساتھ ہی بجلی کو سستی کرنے کا عمل بھی شروع ہوجائیگا ۔ یہ بات پانی اور بجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں تاجروں اور صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے بتایا کہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے پر قابو پانے کیلئے انکی حکومت بجلی کی پیداوار کو ساڑھے 13 ہزار سے بڑھا کے 17 ہزار تک لے گئی ہے جبکہ اکتوبر 2018ء تک مزید 8 سے 10 ہزار کلو واٹ بجلی سسٹم میں آئیگی جس سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہوسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے آنے سے قبل ملک میں 14 سے 16 گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی تھی جبکہ ملک کا ہر طبقہ سڑکوں پر احتجاج کر رہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ سابقہ حکومتوں نے بجلی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ بجلی کی ٹرانسمیشن پربھی ایک پائی خرچ نہیں کی جبکہ اب اربوں روپے کی لاگت سے مٹیاری سے لاہور تک نئی ٹرانسمیشن لائن بچھائی جائیگی۔ اس سلسلے میں بڈنگ کے ساتھ ہی لائنیں بچھانے کا کام شروع ہوجائیگا۔ دوسرے مرحلے میں مٹیاری سے فیصل آباد تک ٹرانسمیشن لائن بچھائی جائیگی۔ انہوں نے بتایا کہ اگلے سال مئی جون تک ساہیوال کا کوئلے سے چلنے والا پاور پلانٹ مکمل ہوجائیگا۔ اس طرح تھر کول پاور پلانٹ پر بھی کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ درآمدی آر ایل این جی سے بلو کی، بھکی اور حویلی بہادر شاہ میں 8، 8 سو میگا واٹ کے پاور پلانٹ لگائے جا رہے ہیں۔ بھکی کا پاور پلانٹ اپریل، مئی میں مکمل ہوجائیگا جس کے دو، دو مہینے بعد باقی دو پاور پلانٹ بھی آپریشنل ہوجائیں گے۔ تربیلا فور کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے جس سے 1300 میگا واٹ بجلی ملے گی۔ انہوں نے چیمبر کے ممبروں کو ان منصوبوں کے دور ے کی بھی دعوت دی۔ عابد شیر علی نے بتایا کہ فیصل آباد واپڈا انجینئرنگ اکیڈمی کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا فیصلہ ہوگیا ہے جبکہ اسلام آباد میں بھی واپڈا یونیورسٹی کیلئے زمین حاصل کی جا رہی ہے۔ انہوں نے پنجاب میڈیکل کالج کو بھی یونیورسٹی کا درجہ دینے کے مطالبے کی حمایت کی اور بتایا کہ وزیر اعظم نوازشریف اپنے دورہ فیصل آباد کے دوران پنڈی بھٹیاں، وزیر آباد موٹر وے اور ریلوے لائن کو ڈبل کرنے سمیت شہر کے دیگر اہم ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں خود اعلان کریں گے۔ اس سے قبل خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر کے صدر انجینئر محمد سعید شیخ نے صنعتوں کیلئے بجلی کی لوڈ شیڈنگ مکمل طور پر ختم کرنے اور گھریلو صارفین کیلئے لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ کو نصف کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں