کوئٹہ (آئی این پی) احتساب عدالت کوئٹہ کے جسٹس عبدالمجید ناصر نے بلوچستان میگا کرپشن کیس کے حوالے سے آئندہ سماعت پر ریفرنس عدالت میں جمع کرانے کا حکم دیدیا جبکہ سابق ڈی آئی جی پولیس بلوچستان ریاض احمد کے خلاف 200ملین روپے کے ناجائز اثاثہ جات کیس میں ایک اورگواہ کا بیان قلمبند کر لیا گیا۔ گزشتہ روز بلوچستان میگا کرپشن کیس کی سماعت کے موقع پر سابق صوبائی مشیر خزانہ میر خالد خان لانگو ،سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق احمد رئیسانی اور ٹھیکیدار سہیل مجید کو سخت سیکورٹی میں احتساب عدالت میں پیش کیا گیا کیس کی سماعت کو نیب حکام کی جانب سے ریفرنس عدالت میں جمع نہ کرانے کی وجہ سے 24نومبر تک کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔ ادھر احتساب عدالت میں سابق ڈی آئی جی پولیس بلوچستان کے خلاف 200ملین روپے کے غیر قانونی اثاثہ جات بنانے کے کیس میں ایک اور گواہ استغاثہ کا بیان قلمبند کر لیا گیا۔