خواتین پر تشدد : اسلام آباد ہائیکورٹ کا تین پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم

اسلام آباد( آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ نے خواتین کو تشدد کا نشانہ بنانے والے تین پولیس اہلکاروں سمیت دس افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق آئی ایٹ ٹو کی رہائشی خاتون مسماۃ مصباح بی بی کی درخواست پر عدالت عالیہ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے سماعت کی،درخواست گزار کے وکیل سیف اللہ سروہی نے دلائل دیئے کہ چار ستمبر کو اے ایس آئی اسحاق، ابرار، اشتیاق، فرقان، آصف، خالد اور عابد سمیت دیگر خاتون کے گھر داخل ہوئے اور ان میں تین پولیس اہلکار بھی شامل ہیں تمام افراد مسلح تھے جنھوں نے خاتون اور اس کی بیٹی کو تشدد کا نشانہ بنایا اور خواتین کو تھانہ بھی لے گیا،پولیس کو درخواست دی مگر مقدمہ درج نہیں کیا گیا اور آئی جی پولیس نے بھی مقدمہ درج کرنے سے انکار کر دیا۔جج نے تھانہ آئی نائن کے ایس ایچ او پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ پولیس والے آپ کے اپنے تھانہ کے ہیں جو مقدمہ درج نہیں کیا جا رہا،عدالت نے تمام مسلح افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے آج ایف آئی آر کی کاپی بھی طلب کر لی ہے۔

ای پیپر دی نیشن