35 ضلع کونسلوں اور 11 میونسپل کارپوریشنوں کی مخصوص نشستوں کیلئے پولنگ آج ہوگی

لاہور(خبر نگار) صوبے کی واحد میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور 35 ضلع کونسلوں اور 11 میونسپل کارپوریشنوں میں خواتین، کسان، مزدور، یوتھ اور ٹیکنو کریٹس کی مخصوص نشستوں کیلئے پولنگ آج ہوگی۔ بلدیاتی اداروں کے براہ راست منتخب ہونے والے ممبران ووٹ ڈال سکیں گے۔ الیکشن کمیشن نے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ بیلٹ باکس، بیلٹ پیپر، پولنگ بیگ و دیگر سامان پولنگ سٹیشن پر پہنچا دیا گیا ہے۔ پولنگ لاہور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ہیڈ آفس جناح ہال سمیت ہر بلدیاتی ادارے کے اپنے اپنے ہیڈ آفس میں ہوگی۔ پولنگ سٹیشنوں پر اپنی اپنی جماعتوں کی طرف سے تعینات پولنگ ایجنٹ موبائل فون اپنے پاس نہیں رکھ سکیں گے۔ میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور کیلئے کل 89 امیدوار میدان میں جن میں 45 خواتین، 10 کسان/ مزدور، 3 یوتھ، 26 غیر مسلم اور 5 ٹیکنو کریٹس ہیں۔ 35 ضلع کونسلوں کیلئے 1584 امیدوار میدان میں ہیں جن میں 741 خواتین، 326 کسان/ مزدور، 101 یوتھ، 297 غیر مسلم اور 119 ٹیکنو کریٹس امیدوار ہیں۔ 11 میونسپل کارپوریشنوں کیلئے کل 306 امیدوار میدان میں ہیں جن میں 145 خواتین، 57 کسان/ مزدور، 10 یوتھ، 51 غیر مسلم اور 34 ٹیکنو کریٹس امیدوار ہیں۔ پنجاب میں جہاں بلدیاتی اداروں کی 2284 نشستیں خالی رہ گئی ہیں، وہیں لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیوں میں میونسپل کمیٹی کی صرف غیر مسلم کی ایک نشست کیلئے کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔ میونسپل کارپوریشنوں میں 18 امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوچکے ہیں جن میں 3 خواتین، 6 کسان/ مزدور، 2 یوتھ، 3 غیر مسلم اور 4 ٹیکنوکریٹس ہیں جبکہ 35 ضلع کونسلوں میں 47 امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوئے ہیں جن میں 25 خواتین، 5 یوتھ، 12 غیرمسلم اور 5 ٹیکنوکریٹس ہیں۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور میں کوئی بلامقابلہ کامیاب نہیں ہوسکا ہے۔

ای پیپر دی نیشن