پشاور (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ خیبر پی کے میں تبدیلی کا عمل بلین ٹری سونامی کی کامیابی تک محدود نہیں۔ تمام شعبوں میں اہداف مکمل کرلئے گئے ہیں اور یہ تبدیلی ہر ادارے کی کارکردگی میں نظر آرہی ہے۔ عوام کو تعلیم اور صحت سمیت تمام سماجی خدمات کے شعبوں میں سہولیات ملنے لگی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جب ہم پرانے نظام سے نئے نظام کی طرف آرہے تھے تو ہمیں قدم قدم پر مزاحمت اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن ہماری ہمت اور جرات مزاحمت کرنے والوں سے کہیں زیادہ تھی۔ اس لئے ہم نے تمام اداروں سے سیاست بازی کا خاتمہ کیا اور انہیں عوام کی خدمت پر لگا دیا۔وہ کنونشن سنٹر اسلام آباد میں منعقدہ بلین ٹری سونامی کی کامیابی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اشتیاق ارمڑ کو ان کی کارکردگی کی بنا پر صوبائی وزیر بنایا جا رہا ہے آئندہ الیکشن میں جیت پر2 ارب مزید درخت اگائے جائیں گے۔ انہوں نے محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کی ترقی کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم اقتدار میں آئے تو ادارے سیاست زدہ تھے، عوام کو ریلیف نہیں مل رہا تھا۔ ہم نے حکمرانی کے نئے اسلوب ہر شعبے میں متعارف کرائے جنگلات پر ٹمبر مافیا کا راج ختم کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ خیبر پی کے میں ہر شعبہ میں تبدیلی نظر آرہی ہے جن کی آنکھوں پر پٹی لگی ہوئی ہے یا جو اندھے ہیں اور اپنی ناک سے آگے نہیں دیکھ سکتے ان کو یہ تبدیلی نظر نہیں آسکتی۔