لاہور (خصوصی رپورٹر+ سپورٹس رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگاران) پنجاب میں موسم سرما کی پہلی بارش نے خنکی بڑھا دی۔ لاہور‘ ملتان، لیہ، رحیم یارخان، بہاولپور‘ بھکر‘ ننکانہ‘ گوجرانوالہ‘ رینالہ خورد‘ ساہیوال‘ چنیوٹ‘ پاکپتن اور ڈی جی خان میں بھی بارش ہوئی اور دھند کم ہونے سے حد نگاہ معمول پر آگئی۔ بلوچستان سے شروع ہونیوالا بارش کا سلسلہ پنجاب پہنچ گیا، کہیں رم جھم ہوئی تو کہیں تیز بارش جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ زیارت میں سرما کی پہلی برفباری کے بعد خنکی بڑھ گئی۔ ملک میں بارش کے باعث دھند اور سموگ میں بھی کمی واقع ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران خیبرپی کے ، فاٹا، اسلام آباد، بالائی پنجاب، کشمیر، گلگت بلتستان میں کہیں کہیں گرج چمک کیساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ آن لائن کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور پر شدید دھند اور سموگ سے پچاس سے زائد ملکی و غیر ملکی پروازیں متاثر ہوئیں جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ لاہور ائرپورٹ پر حد نگاہ انتہائی کم رہنے سے مسافروں اور ان کے لواحقین نے رات ائیرپورٹ پر گزاری۔ نامہ نگاران کے مطابق کمالیہ شہر اور گردونواح میں رات گئے بارش سے مختلف فیڈر ٹرپ کر گئے۔ دوپہر کے وقت بجلی کی سپلائی کو بحال کر دیا گیا۔ نورپورتھل میں مسلسل گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ سے شہری بلبلا اٹھے‘ چناب نگر اور گردونواح میں ڈاور فیڈر میں مسلسل بجلی کی لوڈشیڈنگ نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا، کندیاں میں گیس کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ شرقپور و گردونواح میں بجلی کی بدترین اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری‘ شہر میں دورانیہ 16گھنٹے سے بھی تجاوز کر جانے پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا اور حکومت اور گیپکو کے خلاف نعرے بازی کی۔ سوئی گیس کا پریشر میں نمایاں کمی واقع ہونے سے اہل علاقہ کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ننکانہ صاحب و گردونواح میں باران رحمت پر شہریوں نے رب کریم کا شکر ادا کیا۔ الہ آباد‘ ٹھینگ موڑ میں بھی بارش ہوئی اور سردی میں اضافے سے لنڈا بازار میں گرم کپڑوں کی خریداری کیلئے شہریوں کی آمد سے دکاندار خوش ہوئے۔ راجووال میں بہتی موڑ قصور روڈ حجرہ شاہ مقیم کے قریب کھڑی ٹریکٹر ٹرالی میں دھند کے باعث کار ڈرائیور بابر ساکن محلہ شاہ میر حجرہ شاہ میم اور خادم حسین بھٹہ ساکن موضع شریں معافی زخمی ہو گئے۔ ساہیوال میں یوسف والا ریلوے سٹیشن کے قریب نامعلوم 30 سالہ نوجوان دھند کے دوران ریلوے لائن عبور کرتے ہوئے ٹرین کی زد میں آکر جاں بحق ہو گیا‘ اوکاڑہ کینٹ کے قریب دو ٹرالروں کے تصادم کے نتیجہ میں ہیلپر ہلاک جبکہ اس کا ساتھی زخمی ہوگیا۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ پر بجلی کے بڑے بریک ڈائون نے لاہور ائرپورٹ کو اندھیرے میں ڈبو دیا۔ ائرپورٹ پر چلنے والے کمپیوٹروں کے بند ہو جانے سے لاہور سے باہر جانے والی پروازیں متاثر ہوئیں‘ چیک اِن اور چیک آئوٹ سسٹم بھی بری طرح متاثر ہو گیا۔ علاوہ ازیں حافظ آباد ونیکے تارڑ کے نواحی گائوں مٹم کے قریب تیز رفتار مسافر وین اور کار میں تصادم کے نتیجہ میں 12سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ حافظ آباد کے ونیکے تارڑ کے قریب ڈاہرانوالی میں گوندلانوالہ گوجرانوالہ کے احسان اللہ اور اسکی بیوی دونوں موٹر سائیکل پر سوار ہوکر گوجرانوالہ جا رہے تھے ڈاہرانوالی کے قریب دھند اور سموگ کے باعث تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر دے ماری جس کے نتیجہ میں دونوں میاں بیوی موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ پولیس نے ڈمپر کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔ خصوصی نامہ نگار کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اعجاز احمد چوہدری اور پارٹی رہنما فیاض بھٹی کی قیادت میں پی ٹی آئی کے کارکنوں اور اہل علاقہ نے بلال مسجد عارف چوک میں گرین ٹائون، ٹائون شپ اور ملحقہ علاقوں میں پچھلے نو برسوں سے گیس کی بندش اور لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی اور سڑک بلاک کر کے شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے کہا گیس کا مسئلہ حل نہ ہوا تو پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دیں گے۔