کراچی+لاہور(نیوز ایجنسیاں )پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے سربراہ اورسابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جیالے کسی غلط فہمی میں نہ رہیں2018الیکشن کا سال ہے بھرپور تیاریاں کریں اس بار آصفہ بھٹو آپ کے ساتھ ہوں گی، نواز شریف کو قانون کا سامنا کرنا چاہئے اداروں کو بدنام کرنے کی سازش میں ہم ان کا ساتھ نہیں دے سکتے اور نہ ہی کسی ایک شخص کو بچانے کے لیے جمہوریت کی بساط لپیٹنے کی اجازت دیں گے۔پاکستان پیپلزپارٹی کی سینئررہنما شیری رحمان، سندھ کے وزیربلدیات جام خان شورو اور سابق مشیر نادیہ گبول نے سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات ۔ملاقات میں ملک کی موجودہ صورت حال بالخصوص سندھ کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ نواب شاہ سے لیکر ہر ایک حلقہ آصفہ بھٹو کا منتظر ہوگا اور پھر سے دما دم مست قلندر ہوگا۔ اس بارجو جیالوں کے ساتھ نہیں ہوگا وہ پچھتائے گا۔علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے وہ بڑے نام کی وجہ تنظیمی فیصلوں کے پابند نہیں تو ایسا نہیں چلے گا، الیکٹیبلز کسی کے نہیں ہوتے آج یہاں توکل وہاں ، ہماری قوت کارکن ہیں، نظریئے کی بنیاد پر انتخاب لڑیں گے، ہمارا ہدف صرف ایک انتخاب جیتنا نہیں اس سے کہیں آگے کی سوچتے ہیں۔ وہ منگل کو پیپلز پارٹی فیصل آباد ڈویژن کے صدر حسن مرتضی اور دیگر سے ملاقات کے دوران بلاول ہائوس لاہور میں گفتگو کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر بلاول بھٹو سے ملاقات میں سابق رکن پنجاب اسمبلی فضل حسین راہی کے بیٹے سرمد حسین نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔مزید برآں بلاول بھٹو سے پیپلز پارٹی ساہیوال کے صدر ذکی چودھری نے ملاقات کی اس موقع پر بلاول بھٹو نے جنوری2018ء سے وسطی پنجاب کا دورہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا اور کہا کہ وسطی پنجاب میں خود انتخابی مہم چلائوں گا، شہر شہر گائوں گائوں جائوں گا، عام انتخابات میں وسطی پنجاب کے نتائج مخالفوں کیلئے دھچکا ہوں گے۔