اسلام آباد (آن لائن‘اے این این) سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عدلیہ پر سوال کیا ہے کہ کوئی اشتہاری سے یہ بھی نہیں پوچھتا کہ آخر دو سال تک کہاں تھے۔ عمران خان کا کیس قانونی اعتبار سے حقیقت میں اقامہ کے لطیفے سے زیادہ سنگین ہے ۔منگل کے روز عمران خان کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میںچاروں مقدمات میں ضمانت منظور ہونے کے بعد اپنے ٹویٹ میں مریم نواز نے عدلیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا جناب والا کوئی جلدی نہیں ہے کیونکہ سب جلدبازیاں صرف نواز شریف کے لئے تھیں۔ نواز شریف کے خلاف فیصلہ کروانے کے لئے عدل کے نئے پیمانے بنائے گئے۔عدل کے سارے سانچے نواز شریف اور اس کے خاندان کے لئے تھے۔ مریم نواز نے کہا دوسروں سے نہ تو سوال اور نہ ہی جواب ہورہے ہیں یہاں تک کہ کوئی اشتہاری سے یہ بھی نہیں پوچھتا کہ آخر تم 2 سال تک کہاں تھے؟ عمران خان کا کیس قانونی اعتبار سے ہمارے اقامہ کے لطیفے سے زیادہ سنگین ہے۔ اب قوم اس کیس کے فیصلے کا بھی انتظار کررہی ہے۔