پشاور(اے این این )پشاور ٹیکس انتظامیہ نے پشتو کی شہرت یافتہ گلوکارہ گل پانڑہ کو 1کروڑ روپے سے زائد کا ٹیکس نوٹس بھجوادیا ہے ۔ٹیکس جمع نہ کرنے کی صورت میں گھر اور گاڑی تحویل میں لیے جانے کے بھی امکانات موجود ہیں۔محکمہ ٹیکس کی جانب سے معلوم ہواکہ ان کی کروڑوں کی آمدن ہے، متعدد نوٹسز کے بعد آخری آرڈر جاری کردیا گیا، ذرائع نے بتایا ہے کہ گل پانڑہ جو کہ اس وقت پشتو زبان کی ایک مشہور گلوکارہ ہے وہ نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ بیرون ملک بھی ایک خاصی شہرت رکھتی ہیں۔ذرائع کے مطابق ان کی آمدن کروڑوں میں ہے انہوں نے ابھی تک ٹیکس کی مد میں ایک روپے بھی جمع نہیں کیا ہے اس سلسلہ میں ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن ریونیو پشاور نے کچھ عرصہ قبل اپنی انکوائری جب مکمل کی تو اس میں ان کے کروڑوں روپے کی آمدن کا پتہ چلا یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ گل پانڑہ کو اس حوالے سے متعدد نوٹس بھی جاری ہوئے کہ وہ آکر اپنی اس آمدن کا جواب دیں ا و ر ٹیکس انتظامیہ کو مطمئن کرے، تاہم وہ ایک نوٹس پر بھی پیش نہیں ہوئی ہیں۔ذرائع کے مطابق گل پانڑہ کو نوٹسز کے بعد آخری آرڈر بھی جاری کر دیا گیا ہے جس میں ان پر 1کروڑ سے زائد کا ٹیکس عائد کر دیا گیا ہے اس بارے میں گل پانڑہ سے رابطہ کی کوشش کی گئی تاہم ان سے رابطہ نہیں ہو سکا۔