اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس اور پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان اور ارجنٹائن کے نام نمایاں نظر آتے ہیں۔ ارجنٹائن پارک ذوالفقار علی بھٹو نے 1973 ء میں بنایا تھا۔ یہ پارک 1971 ء میں سیکیورٹی کونسل میں پاکستان کی مدد کے لئے بطور یادگار بنایا گیا تھا۔ یہ بات پاکستان میں ارجنٹائن کے سفیر نے گزشتہ روز یہاں ارجنٹائن پارک میں پاک ارجنٹائن دوستی کا پودا لگانے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ارجنٹائن کے سفیر نے بتایا کہ 1967 ء میں ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس میں ’’پلازا ڈی پاکستان‘‘ کا افتتاح کیا گیا تھا۔ ایک سال بعد 1968 ء میں ارجنٹائن کے دارالحکومت میں ایک سکول کا نام اسلامک ری پبلک آف پاکستان رکھا گیا تھا۔ ارجنٹائن کے سفیر نے کہا کہ آج میں اور اسلام آباد کے میئر انصر عزیز دونوں ارجنٹائن پارک میں پاکستان اور ارجنٹائن کے درخت لگانے کی تقریب میں اکٹھے ہیں۔ میں سفیر اسلام آباد اور ان کی ٹیم کا شکرگزار ہوں کہ وہ ارجنٹائن پارک میں یادگار درختوں کا افتتاح کر رہے ہیں۔ یہ درخت گزشتہ سال جولائی میں لگائے گئے تھے جو یہاں لگ گئے ہیں یہ دونوں درخت ارجنٹائن سے لائے گئے ہیں۔ دوسری طرف پاکستان میں اگنے والے کچنار کے درخت ہیں۔ توقع ہے کہ پاکستان اور ارجنٹائن کے ان درختوں پر رنگ برنگ پھول کھلیں گے۔ یہ درخت ہماری ابدی دوستی کی علامت بنیں گے۔ ارجنٹائن کے سفیر نے کہا کہ ارجنٹائن پارک کا اسلام آباد میں 23 مئی 1973 ء کو افتتاح ہوا تھا۔ جمہوریت بتدریج مستحکم ہوتی ہے۔ جمہوری اداروں کی نگہداشت کرنا پڑتی ہے اور اس بات کو یقینی بنانا پڑتا ہے کہ ان اداروں کے راستے میں کوئی رکاوٹ نہ پیدا ہو۔ پاکستان اور ارجنٹائن دونوں جمہوری سفر میں بہت کچھ سیکھ رہے ہیں۔ ہمیں اپنی نئی نسلوں کے لئے جمہوریت کو تحفظ اور فروغ دینا ہو گا۔ ارجنٹائن کے سفیر نے کہا کہ ارجنٹائن کا سفارت خانہ ارجنٹائن پارک کی بہتری کے لئے ہمیشہ امداد کرتا رہے گا۔
اسلام آباد اور بیونس آئرس میں پاکستان‘ ارجنٹائن کے نام نمایاں
Nov 15, 2017