کراچی )کامرس ڈیسک) وزیر صنعت و تجارت منظور حسین وسان کی زیر صدارت سندھ سمال انڈسٹریز کا بجٹ اجلاس برائے 2017-18ء منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں 64 کروڑ 79 لاکھ 25 ہزار کی بجٹ کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سیکریٹری صنعت عبدالرحیم سومرو، ایم ڈی سندھ سمال انڈسٹریز ڈاکٹر سرورت فہیم، بورڈ کے ممبران مکیش کمار صدر ایس ایم ای ڈی، فیروز احمد اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر صنعت منظور حسین وسان نے کہا کہ آئندہ ہفتے سانگھڑ اور نوابشاہ میں مکمل ہونے والے کاموں کا افتتاح کروں گا، سمال انڈسٹری میں بائیو میٹرک سسٹم متعارف ہونے کے بعد 83 ملازمین خود ہی محکمہ چھوڑ کر چلے گئے ہیں، سندھ سمال انڈسٹری بہتری کی طرف جا رہا ہے، خالی پلاٹ صنعتکاروں کو الاٹمنٹ کر دیئے جائیں تاکہ چھوٹی صنعتیں لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے صنعتکار انڈسٹریاں نہیں لگا رہے تھے اب صنعتکار انڈسٹریاں لگانا چاہتے ہیں اور کئی لگ چکی ہیں۔ کراچی، سکھر، لاڑکانہ اور حیدرآباد میں مزید صنعتیں لگنے سے لوگوں کو روزگار ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ بھر میں صنعتی ایریاز میں انفراسٹرکچر کا کام جاری ہے، افسران کے کام سے متفق ہوں جو کام نہیں کرے گا اسے گھر بھیج دیا جائیگا۔
سندھ اسمال انڈسٹریز بجٹ منظور محکمے کی کارکردگی بہترہوئی :منظور وسان
Nov 15, 2017