اسلام آباد ( نوائے وقت رپورٹ) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ باتیں ہو رہی ہیں کہ پیپلز پارٹی وقت پر الیکشنز نہیں چاہتی۔ ہماری پہلے دن سے خواہش ہے کہ انتخابات وقت پر ہوں، مردم شماری کو مد نظر رکھ کر بڑی تبدیلیاں ہوتی ہیں۔ ہم نے چار جنرلز کا مقابلہ کیا، طے ہو گیا مردم شماری کا نتیجہ حتمی نہیں ہو گا۔ عبوری نتائج پر ہی نئی حلقہ بندیاں ہوں گی۔ تحریک انصاف سوچتی ہے قبل از وقت انتخابات سے شاید وہ جیت جائے، مسلم لیگ ن گالم گلوچ کی سیاست کو ترجیح دیتی ہے۔ ان کو شکوک و شبہات ہیں کہ ہم کسی کے کہنے پر بات کرتے ہیں، پیپلز پارٹی پنجاب میں جلد اپنی پوزیشن حاصل کر لے گی۔ پنجاب میں سمجھ داری اور مستقل مزاجی کی سیاست ہونی چاہئے۔ حکومت کے چکر میں ہم پیپلز پارٹی کی تاریخ کو داغدار نہیںکرنا چاہتے۔ ترمیم کیلئے نواز شریف کے اپنے نمبرز پورے نہیں ہو رہے تو ہمارا کیا قصور ہے۔ الیکشن جیتنے کیلئے نظر یئے کو بدلنا بڑا جرم ہے۔ تحریک انصاف پانی کا بلبلہ ہے یہ اپنے صوبے میں کچھ نہیں کر سکے۔ عمران خان نے تسلیم کیا کہ اچھا ہوا اقتدار نہیں ملا۔ اسمبلیوں کی مدت 4سال کرنے کی تجویز دی تو تحریک انصاف نے بات کیوں نہیں کی۔ دھرنوں کے دوران جمہوریت کے تحفظ کیلئے کھڑے رہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار موجودہ حالات میں نہیں آئیں گے۔ حدیبیہ کیس میں اسحاق ڈار کا بیان پہلے ہی ریکارڈ ہے اسحاق ڈار واپس آ کر ’’آ بیل مجھے مار‘‘ والا کام نہیں کریں گے۔ عدلیہ پر تنقید کی شروع سے مذمت کرتے آئے ہیں۔ نواز شریف نے عدلیہ کے فیصلوں کے احترام پر ہمیں بھاشن دیا تھا۔ نواز شریف اپنے دیئے گئے بھاشن پر خود کیوں عمل نہیں کرتے؟ ریاست بہت خطر ناک حد تک گرتی چلی جا رہی ہے۔
نواز شریف کے نمبر پورے نہیں ہو رہے، پی ٹی آئی پانی کا بلبلہ ہے: خورشید شاہ
Nov 15, 2017