اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سپریم شیعہ علماء بورڈ کے سرپرست اعلی و تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ لیگ آف نیشنز ہو یا اقوام متحدہ ان کی بنیاد استعماری بالخصوص سرمایہ داری قوتوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے رکھی گئی حقیقی امن کیلئے دنیا کو در مصطفی و مجتبیؑ پر آنا ہوگا، عالمی امن اور جنوبی ایشیاو مشرق وسطی کا مستقبل کشمیر و فلسطین کے دیرینہ مسائل کے حل سے وابستہ ہے ، دوقومی نظریے کو سبوتاژ کرنے کیلئے عالمی قوتوں کی سرپرستی میں کشمیر پر بھارت کا قبضہ کروایا گیا، جس انداز میں رسول کریمؐ نے فتح مکہ کے موقع پر بدترین دشمنوں کو معاف کیا اور جس طرح نواسہ رسول امام حسن ؑ نے امن کی خاطر دنیا کی سب سے بڑی مملکت کی شاہی کو ٹھوکر ماری وہ ہر زمانے ہر نسل کیلئے مشعل راہ ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ عظمت مصطفی و مجتبی ؑکے موقع پر عزاداروں کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ شیطانی و ابلیسی قوتیں صدیوں سے عالم اسلام کے خلاف سرگرم رہی ہیں ،عثمانی سلطنت کا خاتمہ اور مسلمانوں کا جغرافیہ تبدیل کرنا شیطانی قوتوں کے طویل مدتی منصوبے کا شاخسانہ تھاجس کی کوکھ سے فلسطین کے المیے نے جنم لیا اور دنیا بھر سے یہودیوں کی آبادکاری کا سلسلہ فلسطین میں شروع کیا گیااور دوسری جنگ عظیم کے بعد اسرائیلی ریاست کی باقاعدہ بنیاد رکھ دی گئی جو آج بھی عالم اسلام کے قلب میں خنجر کی طرح پیوست ہے ۔انہوں نے کہا کہ لیگ آف نیشنز کے قیام کا مقصد جنگ و جدل کا خاتمہ تھا لیکن در اصل استعماری منصوبوں کیلئے راہ ہموار کرنا تھا