قومی احتساب بیورو (نیب)نے حدیبیہ پیپر ملز کیس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف بحیثیت ملزم تحقیقات کا اعلان کردیا ہے۔نیب اعلامیے کے مطابق تحقیقات کا آغاز عدالت عظمی کے فیصلے کی روشنی میں کیا گیا ہے، اسحاق ڈار حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس میں وعدہ معاف گواہ بن گئے تھے۔لیکن ریفرنس کے منسوخ ہو جانے کے بعد اسحاق ڈار کے خلاف بحیثیت ملزم تحقیقات کا آغاز کیا جا رہا ہے،حدیبیہ پیپر ملز کیس میں وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کے بیٹے حمزہ شہباز نامزد ملزم ہیں جبکہ شہباز شریف، عباس شریف اور والدمیاں شریف کا بھی نام ہے۔خیال رہے کہ کچھ روز قبل چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے نیب کی اپیل پر شریف برادران کے خلاف حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس کی سماعت کے لیے 3 رکنی بینچ تشکیل دے دیا تھا ،یہ بینچ جسٹس آصف سعید کھوسہ کے بنچ سے الگ ہونے کے بعد ٹوٹ گیا تھا ۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پاناما کیس پر نظرثانی اپیلوں کے فیصلے میں نیب کو ایک ہفتے کے اندر حدیبیہ پیپر ملز کیس کھولنے کی ہدایت دی تھی جس پر نیب حکام نے عدالت کو کیس پر اپیل دائر کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔بعدازاں نیب نے حدیبیہ پیپرملز کیس کو دوبارہ کھولنے کے لیے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی جو لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی تھی۔نیب کی جانب سے دائر اپیل میں سابق وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلی پنجاب شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو فریق بناتے ہوئے درخواست میں استدعا کی گئی کہ پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی)کی رپورٹ میں نئے شواہد سامنے آئے ہیں جن پر تحقیقات ہونی چاہیے۔درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت عظمی ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف کارروائی کرے جس میں عدالت عالیہ کے دو ججوں کے درمیان اس کیس پر فیصلہ ٹائی ہوا تھا اور تیسرے ریفری جج نے کیس ختم کرنے کا کہا تھا۔نیب کی جانب سے مزید کہا گیا تھا کہ اس معاملے میں کچھ چیزیں ضروری ہے جن کی نیب تحقیقات کرنا چاہتا ہے۔
حدیبیہ پیپر ملز کیس: نیب کا حدیبیہ پیپر ملز کیس میں اسحاق ڈار کے خلاف بحیثیت ملزم تحقیقات کا اعلان
Nov 15, 2017 | 20:41