پاکستان نے آئر لینڈ کو شکست دے دی

Nov 15, 2018

لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) ویمنز ٹی ٹونٹی میں گرین شرٹس نے اس فارمیٹ میں اپنا سب سے بڑا مجموعہ 139 حاصل کیا آئرلینڈ کے خلاف میچ میں جویریہ خان ملک سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلتے ہوئے 74 پر ناقابل شکست رہیں۔پاکستانی ویمنز ٹیم کی کھلاڑی نشرح سندھو نے 4 اوورز میں صرف 8 رنز دے کر 2 شکار کئے جو ملک کے لئے کفایتی بائولنگ کا ایک ریکارڈ ہے۔ جویریہ خان کا 9 پر کیچ ڈراپ ہوا جس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے کپتان نے جارحانہ انداز اختیار کیا اور تمام بولرز کی درگت بنائی، گرین شرٹس نے اگلے 12 اوورز میں 110 رنز بناتے ہوئے ٹوٹل 6 وکٹ پر 139 تک پہنچا دیا۔جویریہ خان 74 پر ناٹ آوٹ رہیں، عائشہ ظفر نے 21 رنز بنائے۔ آئرش ٹیم 9 وکٹ پر 101 رنز بنا سکی، نشرح سندھو اور عالیہ ریاض نے 2،2 شکار کئے۔ پاکستان 38 رنز سے سرخرو ہوا، آسٹریلیا اور بھارت کے ہاتھوں شکستوں کے بعد میگا ایونٹ میں گرین شرٹس کی یہ پہلی کامیابی ہے۔ایک اور میچ میں آسٹریلوی ٹیم مسلسل تیسرا میچ جیت کر میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ۔ آسٹریلوی ویمنز ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے سات وکٹوں پر 153رنز بنائے۔مونے چھبیس ‘ہیلی ترپن اور ہینز انتیس رنز بناکر نمایاں رہیں ۔ کاسپیرک نے تین اور ڈیوائن نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ نیوزی لینڈ ویمنز ٹیم صرف 120رنز پر آئوٹ ہوگئی ۔تین کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل ہوسکیں ۔ سوزی بیٹ اڑتالیس اور کے مارٹن چوبیس رنز بناکر نمایاں رہیں ۔ سشٹ نے تین ‘مولی نیوکس اور کمنس نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ علیسا ہیلی کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلوی ٹیم گروپ بی میں تین میچ جیت کر سر فہرست ہے اور سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے ۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ویمنز ٹیموں کے درمیان مقابلہ کل رات ایک بجے شروع ہو گا۔

مزیدخبریں