نسل نو کو مشاہیر تحریک آزادی کی خدمات سے آگاہ کرناناگزیر ہے:ڈاکٹر رفیق احمد

لاہور (کلچرل رپورٹر) نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیراہتمام تحریک پاکستان کے کارکن علی محتشم کی بارہویں اور ٹرسٹ کے عہدیدارو سابق آئی جی پنجاب پولیس سردار محمد چوہدری کی سولہویں برسی کے سلسلے میں ایوان کارکنان تحریک پاکستان، لاہور کے احاطے میں واقع زمان مسجد میںمحفل قرآن خوانی ہوئی۔اس روحانی محفل کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریکِ پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔اس موقع پر تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن اور نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد، سیکرٹری شاہد رشید ، محمد سرور چوہدری، نواب برکات محمود، نظریۂ پاکستان ٹرسٹ اورتحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے عہدیداران وکارکنان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادبڑی تعدادمیں موجود تھے۔محفل قرآن خوانی کے بعد مرحومین کی ارواح کے ایصال ثواب ا ورملکی تعمیروترقی کیلئے حافظ عثمان احمد نے خصوصی دعا کروائی۔پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کو مشاہیر تحریک آزادی کی حیات وخدمات سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔قیام پاکستان کیلئے خاموشی سے کام کرنیوالوں کی تعداد بھی بہت زیادہ ہے جنہوں نے اپنا جان ومال پاکستان کیلئے قربان کر دیاتھا۔ شاہد رشید نے کہاکہ علی محتشم اور سردار محمد چوہدری نے نظریۂ پاکستان کی ترویج واشاعت اور تحریک پاکستان کیلئے بڑا کام کیا۔ یہ حضرات عاشقانِ پاکستان تھے جنہوں نے تحریک پاکستان میں کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ تعمیر پاکستان میں بھی بھرپور حصہ لیا۔ ان کی ہمارے ساتھ محبت کا باعث صرف اور صرف پاکستان تھا اور وہ خرابیٔ صحت کے باوجود آخری سانس تک ہمارے ادارے کی تقریبات میں باقاعدگی کے ساتھ شریک ہوتے رہے۔

ای پیپر دی نیشن