سرینگر(این این آئی+ اے این این)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج محاصرے او ر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران روبوٹ استعمال کرے گی۔ بھارتی وزارت دفاع نے کم از کم پچیس برس تک کار آمد رہنے والے تقریباً 550ربورٹس کی خریداری کا عمل شروع کر دیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوج کے سینئر افسرنے ذرائع ابلاغ کے نمائندوںکو بتایا کہ ان روبوٹس میں سیڑھیوں پر چڑھنے ، رکاوٹیں عبور کرنے اور دستی بم داغنے کی صلاحیت موجود ہو گی جبکہ یہ بیس سینٹی میڑگہرے پانی کو بھی عبور کر سکیں گے۔ قابض بھارتی فوج ان روبوٹس کو مقبوضہ کشمیر میں تلاشی آپریشوں کے دوران پہلی دفاعی لائن کے طور پر استعمال کرے گی۔ ادھرمقبوضہ وادی میں مسلسل 102 ویں دن بھی بھارتی فوجی لاک ڈائون جاری رہنے کے باعث وادی کشمیر اور جموں اور لداخ کے مسلم اکثریتی علاقوں معمولات زندگی بدستور مفلوج رہی۔ دفعہ 144 کے تحت سخت پابندیاں نافذ ہیں۔ اگرچہ زیادہ تر لینڈ لائن ٹیلی فون کام کر رہے ہیں اور پوسٹ پیڈ موبائل فون کے ذریعے فوج کالز کی اجازت ہے تاہم انٹرنیٹ سمیت پری پیڈ موبائل سروس اور ایس ایم ایس پر پابندی مسلسل جاری رہنے کے باعث کشمیریوںکو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔لاک ڈائون اور غیر اعلانیہ ہڑتال اور غیر یقینی صورتحال کے سبب ہر برس کشمیر آنے والے ملکی و غیرملکی سیاحوں کی تعداد میں کافی کمی آئی ہے۔ محکمہ سیاحت کی جانب سے موصولہ اعدادوشمار کے مطابق 2018ء کے مقابلے میں رواں برس سیاحوں کی آمد میں 88.41 فیصد کمی نوٹس کی گئی ہے۔