تیز تر معاشی نشوونما کی خاطر کاروبارپر ٹیکسوں کا بوجھ کم کردیا جائیگا:حماد اظہر

لاہور(کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تیز تر معاشی نشوونما کی خاطر کاروبار پر سے ٹیکسوں کا بوجھ کم کردیا جائے گا۔ وہ لاہور چیمبر میں خطاب کررہے تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح، سینئر نائب محمد ناصر حمید خان، نائب صدر طاہر منظور چودھری، سابق صدور میاں مصباح الرحمن، سہیل لاشاری، الماس حیدر، سابق سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر ودیگر نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ کاروباروں پر سے غیرضروری ٹیکسز کا خاتمہ ان کی ترقی میں مدد دے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، کرونا کی وجہ سے دنیا کی معیشت ساڑھے چار فیصد جبکہ بھارت کی معیشت دس فیصد سے زائد سکڑی لیکن پاکستان کی معیشت مثبت ترقی کا رحجان ظاہر کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی بحالی میں بنیادی کردار انڈسٹری ادا کررہی ہے، ستمبر کے دوران انڈسٹری کمپونینٹس کی نشوونما 7.5فیصد رہی۔ انہوں نے کہا کہ سیمنٹ اور یوریا فرٹیلائزرز کی کھپت اس وقت تاریخی ہیں۔ گذشتہ سال کے مقابلے میں اس سال آٹوموبیل سیکٹر کی سیلز 43فیصد زائد ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن