لاہور (نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کچھ سیاسی بونوں نے سیاسی غلامی کا طوق گلے میں ڈالا ہوا ہے۔ وہ لوگ بھیک کی سیٹوں پر اسمبلی میں پہنچ کر فرد واحد کی خوشنودی کیلئے وزیراعظم عمران خان کی منتخب حکومت پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں۔ جبکہ کچھ سیاسی کنیزیں راجکماری کی کرپشن کا دفاع کر رہی ہیں۔ عوام کی نمائندگی الیکشن جیتنے سے نہیں عوام کے حقوق کا تحفظ کرنے سے ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کے علاقے ٹاؤن شپ میں 35 کروڑ کی لاگت سے تیار کردہ ترقیاتی سیوریج منصوبوں کے افتتاح کے بعد کارکنوں سے خطاب میں کیا۔ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری نذیر چوہان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبہ کی ترقی کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ ہم دونوں ہاتھوں سے کام کر رہے ہیں جبکہ گزشتہ حکومت دونوں ہاتھوں سے صرف ڈھول پیٹ رہی تھی۔ ہمارے ناقدین نے شو بازی سے بڑی کک بیک کیلئے منصوبے بنائے اور اپنی عیاشیوں کیلئے پاکستان کو بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ہاں گروی رکھ دیا۔ گلگت الیکشن کے حوالے سے ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ مسترد شدہ ٹولہ اقتدار میں آنے کیلئے چور دروازہ ڈھونڈ رہا ہے۔ انشاء اللہ گلگت بلتستان میں بھی مخالفین کو چاروں شانے چت کریں گے۔ اس وقت بھارت کی طرف سے آزاد کشمیر میں نہتے شہریوں پر گولہ باری جاری ہے اور یہاں مودی کی لابی اسکے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہی ہے۔ خدارا افواج پاکستان اور سکیورٹی کے اداروں کو متنازع بنانے سے گریز کریں اور ملکی سلامتی کو سیاست سے الگ رہنے دیں۔ بعدازاں معاون خصوصی نے الحمرا کلچرل سینٹر میں ہفتہ شان رحمت للعالمینؐ کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کی۔ دریں اثناء لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس کے حوالے سے کہا ہے کہ میجر جنرل بابر افتخار کے انکشافات سب کی آنکھیں کھولنے کے لئے بہت ہیں۔ اپوزیشن میں سے کسی جماعت کا نام لئے بغیر انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز ہمارے سرحدی علاقوں پر گولہ باری کررہی ہے۔ جبکہ اپوزیشن کو اپنے مورچوں سے اداروں کو متنازعہ بنا کر گولہ باری کرنا زیب نہیں دیتا۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں منعقد ہونے والے انتخابات کے نتائج سے معلوم ہوگا کہ عوام کس قیادت پر اعتماد کرتے ہیں۔ این این آئی کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ طاقت کے نشے میں چور مودی نے ایک بارپھر بزدلی کامظاہرہ کرتے ہوئے رہائشی علاقوںپر بمباری کرتے ہوئے نہتے کشمیریوں کونشانہ بنایا۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ شہری آبادی کو نشانہ بنانا ہندوتواکی ماری بھارتی فوج کی اخلاقی پستی کی عکاس ہے۔