اسلام آباد ، کراچی،پشاور (خصوصی نمائندہ+صباح نیوز، نوائے وقت رپورٹ، این این آئی، آن لائن) ملک بھر میں مہلک وبا کرونا وائرس سے 17 افراد جاں بحق ہوگئے۔ اموات7ہزار109ہوگئیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کے جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 165 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 54 ہزار461 ہوگئی۔ پنجاب میں ایک لاکھ 9 ہزار 309، سندھ میں ایک لاکھ 53 ہزار 873، خیبر پی کے میں 41 ہزار 723، بلوچستان میں 16 ہزار 328، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 434، اسلام آباد میں 23 ہزار 533 جبکہ آزاد کشمیر میں 5 ہزار 261 کیسز رپورٹ ہوئے۔ خیبر پی کے اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر محمود جان کرونا وائرس کا شکارہوگئے۔ ڈپٹی سپیکر خیبر پی کے اسمبلی محمود جان نے خود کو ٹیسٹ مثبت آنے پر گھر پر قرنطینہ کرلیا۔ اہلیہ اور بیٹے میں بھی وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ ڈپٹی سپیکر کی جانب سے عوام سے صحت یابی کیلئے دعا کی اپیل کی گئی۔ مہلک وباکرونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں ہلاکتیں 13لاکھ 9ہزار 408ہو گئیں جبکہ مصدقہ کیسز کی تعداد 37لاکھ 46ہزار 944ہوگئی۔ امریکہ میں ہلاکتیں 2لاکھ 49ہزار975ہو گئیں اور1کروڑ 10لاکھ 64ہزارکیسز ہو گئے ۔امریکی ریاست آریگون اور نیو میکسیکو کے گورنرز نے کرونا وائرس کیسز میں اضافے کو دیکھتے ہوئے ایک مرتبہ پھر لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا ہے۔ گورنر نیو میکسیکو نے عوام کو 2 ہفتوں کے لیے گھروں میں رہنے کا حکم دیا ہے۔ اس حوالے سے گورنر نیومیکسیکو کا کہنا تھاکہ ہم زندگی اور موت کی صورتحال سے دوچارہیں، اگر اب بھی درست عمل نہیں کیا تو جان نہیں بچا پائیں گے۔ آرگیون کے گورنر نے بھی 2 ہفتے کے لاک ڈاون کا اعلان کردیا ہے۔ آریگون میں تمام دفاتر عوام کے لیے بند رہیں گے۔تعلیمی اداروں میں کرونا وائرس کی وبا کے پیش نظر چھٹیوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کل (سوموار کو) وفاقی وزیر تعلیم نے طلب کرلیا جس میں تمام صوبائی وزرا شرکت کرینگے ۔دریں اثناء سینئرسیاستدان اور ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رہنما فاروق ستار بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔فاروق ستار نے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو قرنطینہ کرلیا ہے اور عوام سے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔ خیبر پختونخوا میں کرونا کی دوسری لہر میں شدت آرہی ہے اور اب صوبائی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر محمود جان اور ان کے گھر والے بھی کرونا میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ڈپٹی سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی محمود جان نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی اہلیہ، بیٹے اور خود کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اہلیہ، بیٹے اور خود کو گھر پر قرنطینہ کر لیا ہے۔ادھرنیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی ہدایات کی روشنی میں وفاقی حکومت نے کرونا کے پیش نظر سرکاری دفاتر میں حاضری 50 فیصد کم کرنے کے احکامات جاری کر دئیے۔کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ این سی او سی کے فیصلے کے تحت پالیسی فریم ورک جاری کیا گیا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا کہ جوائنٹ سیکرٹریز روٹیشن کی بنیاد پر آفس میں حاضری شیڈول بنائیں، متعلقہ افسران گھر بیٹھ کر آفیشل کام کریں۔اعلامیے میں کہا گیا کہ سرکاری دفاتر میں کام ای فائلنگ کے ذریعے کیا جائے۔فیصل آباد میں کرونا وائرس کے حملے شدت اختیار کرنے لگے، کرونا کے 2 مشتبہ مریض رپورٹ آنے سے قبل ہی زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ مزید 10 افراد میں کرونا کا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔ الائیڈ ہسپتال میں زیرعلاج مشتبہ مریض 55 سالہ شبیر سکنہ پنڈی بھٹیاں اور گورونانک پورہ کی نجمہ بی بی کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ موصول ہونے سے پہلے ہی دم توڑ گئی۔ڈپٹی کمشنر محمد علی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی سید ایوب بخاری نے کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر 4 شادی ہالز کے مینجرز کو حوالہ پولیس کرتے ہوئے انکے خلاف مقدمات درج کروا دیئے۔ اے سی سٹی نے گزشتہ شب شہر بھر کے مختلف علاقوں میں شادی ہالز اور مارکیز کا وزٹ کیا جہاں پر شادی بیاہ کی تقریبات جاری تھیں دوران وزٹ شادی ہالز اور مارکیز میں کرونا ایس او پیز کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جارہی تھی۔‘چنیوٹ پیلس‘کوہ نور مارکی اور کیسل مارکی کے مینجرز کو حراست میں لیکر حوالہ پولیس کردیا اور ان کے خلاف شادی ایکٹ اور انفکشن ڈیزیز آرڈینینس کے تحت مقدمہ درج کر لیاگیا ۔گومل یونیورسٹی کے 4 طلبا و طالبات کے کرونا ٹیسٹ پازیٹو آگئے ۔ محکمہ صحت نے ایکٹو کیسز بارے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ کو آگاہ کردیا۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے 15 روز کیلئے یونیورسٹی بند کرنے کا اعلان کردیا۔
کرونا، مزید 27 اموات،2165 نئے کیس فاروق ستار، ڈپٹی سپیکر خیبر بی کے اہل خانہ سمیت وائرس میںمبتلا
Nov 15, 2020