کینٹ ہائوسنگ سوسائٹی سکینڈل: خواجہ آصف کی اہلیہ، بیٹے، سابق میئر سیالکوٹ سمیت9 افراد پر مقدمہ

سیالکوٹ(نامہ نگار)سابق وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف کی اہلیہ مسرت آصف خواجہ، بیٹے خواجہ محمد اسد ،سابق مئیر سیالکوٹ توحید اختر سمیت 9افراد پر محکمہ اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنرنے ملزمان کے خلاف سرکاری خزانے کو مجموعی طور پر 7کروڑ 80لاکھ روپے نقصان پہنچانے پر ریفرنس اینٹی کرپشن کو بھیجا تھا۔ مقدمہ درج کرنے کی سفارش کی تھی۔ریفرنس کے مطابق ملزموں نے غیر قانونی طور پر سرکاری زمین کو سوسائٹی میں شامل کرکے سرکاری خزانے کو 6 کروڑ 50 لاکھ کا نقصان کیا۔ سوسائٹی مالکان سرکاری زمین استعمال کرنے کی مد میں 1 کروڑ 30لاکھ کے بھی نادہندہ ہیں۔ کینٹ ہاؤسنگ سوسائٹی سابق میئر سیالکوٹ چوہدری توحید اور خواجہ محمد آصف کی اہلیہ اور بیٹے اسد کی ملکیت ہے۔ کینٹ ہاؤسنگ سوسائٹی میں عوامی مقامات اوپن ایریا، کمیونٹی سینٹر اور قبرستان کیلئے مختص زمین کو پلاٹس بنا کر بیچ دیا گیا۔ کینٹ ہاؤسنگ سوسائٹی کو 137 کنال پر رجسٹر کروا کے بعد میں غیر قانونی طریقے سے 281 کنال مزید شامل کر لی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم رولز کے تحت کسی بھی منظور شدہ ہاؤسنگ سکیم کے نقشہ میں سوائے قبرستان کی لوکیشن کے کوئی تبدیلی نہیں کی جا سکتی۔ پنجاب بھر میں اینٹی کرپشن نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر غیر قانونی رہائشی سکیموں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔ اینٹی کرپشن پنجاب کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پنجاب بھر میں بدعنوان اور کرپٹ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ 

ای پیپر دی نیشن