شر انگیز منصوبے کامیاب نہیں ہونے دینگے، صدر: دنیا اب خاموش نہیں رہے گی: وزیراعظم

Nov 15, 2020

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+سپیشل رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) صدر ڈاکٹرعارف علوی نے اپنے  ٹویٹ میں کہا کہ دنیا کو بھارت کی طرف سے پاکستان میں دہشتگردی کی سرپرستی کرنے کے بارے میں ٹھوس ثبوت دے دئیے گئے ہیں۔ اپنے ٹویٹ میں صدر نے کہا کہ میں اپنی قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہماری حکومت‘ سکیورٹی ادارے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر وقت چوکس ہیں اور بھارت کے کسی شرانگیز منصوبے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ صدر نے کہا کہ ہم تمام سازشوں کے خلاف پاکستان کا دفاع جاری رکھیں گے لیکن میں اقوام عالم سے گذارش کرتا ہوں کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور اس کی قراردادوں پر یقین رکھتے ہیں تو وہ انصاف کریں اور اگر وہ خطے میں امن اور استحکام چاہتے ہیں تو بھارت کو اس کے مذموم اقدامات پر جواب دہ بنائیں۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم نے پاکستان کے اندر بھارتی ریاستی دہشتگردی کے ناقابل تردید شواہد دے دیئے ہیں۔ دنیا ہمارے دئیے ثبوتوں پر اب خاموش نہیں بیٹھ سکتی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم نے لکھا کہ ان شواہد کے بعد عالمی برادری بھارت پر پاکستان میں دہشتگردی روکنے اور پاکستان میں ہزاروں بے گناہوں کے قاتلوں کو سزا دینے کیلئے دباؤ ڈالے گی۔  بھارت پاکستان کے اندر ریاستی دہشتگردی میں ملوث ہے۔عمران خان نے لکھا کہ بھارت براہ راست پاکستان میں دہشتگردوں کومالیاتی اور دیگر سپورٹ کررہا ہے۔ ہماری بہادر جانباز سکیورٹی ایجنسیز اور فورسز عوام کا تحفظ جاری رکھیں گے۔ ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ دنیا کو  پاکستان میں دہشتگردی میں بھارت براہ راست ملوث ہے، مالی و مادی مدد اور دہشتگردی کے ثبوت پیش کیے ہیں۔ توقع ہے کہ عالمی برادری  بھارت کو  اپنی دہشت گردی بند کرنے پر مجبور کرے گی اور ہزاروں معصوم پاکستانیوں کو قتل کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میںکھڑا کیاجائے گا ،انہوں نے کہاہماری بہادر سکیورٹی ایجنسیاں اور مسلح افواج عوام کی حفاظت بھرپور طور پر جاری رکھے گی ،انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی شبہ نہیں رہنا چاہئے ،ہم اپنے ملک کا دفاع کریں گے اور قومی عزم کے ساتھ اسے جاری رکھیں گے ۔ 

مزیدخبریں