اسلام آباد ( نوائے وقت نیوز)ایمریٹس ایئرلائن کو تین دہائیوں سے زائد عرصے کے بعد رواں سال کے پہلے ششماہی کے دوران 3.4 بلین ڈالرز کا خسارا ہوا ہے۔متحدہ عرب امارات کی سرکاری ایئرلائن کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے دوران عالمی سفر کی معطلی اور سفری پابندیوں کی وجہ سے ایئر لائن کے ریونیو میں 75 فیصد کمی ہوئی۔رواں سال کورونا وائرس کی پیک کے دوران ایمریٹس ایئرلائن نے اپنا فضائی ا?پریشن عارضی طور پر معطل کر دیا تھا۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق مذکورہ دورانیے کے دوران ایمریٹس ایئر لائن کے پسنجر ٹریفک میں 95 فیصد کمی ہوئی۔ایمریٹس گروپ جس کا ایمریٹس ایئرلائن میں شیئر ہے کا کہنا ہے کہ اس دورانیے کے دوران گروپ کے عملے کی تعداد میں 24 فیصد کمی ہوئی اور سٹاف کی تعداد 81 ہزار 334 رہ گئی۔ایئرلائن نے تصدیق کی کہ دبئی حکومت نے ایکویٹی انوسٹمنٹ کے طور پر اسے دو بلین ڈالرز فراہم کی ہے۔خیال رہے گذشتہ سال کی پہلی ششماہی میں ایمریٹس ایئرلائن نے 862 ملین درہم منافع کمایا تھا۔