سانگھڑ (نامہ نگار ) ضلع پیٹرولیم سوشل ویلفیئر کمیٹی کے چیئرمین و ایم این اے نوید ڈیرو نے آئل گیس کمپنیوں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترقیاتی کاموں کے مد میں رقم اور مقامی لوگوں کو روزگار فراہم نہ کر کے کمپنیاں ضلع بھر کے عوام سے ناانصافی کر رہیں ہیں جن کے متعلق متعلقہ اداروں کو شکایات کی جائیں گی. ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفیس سانگھڑ میں ضلع پیٹرولیم سوشل ویلفیئر کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا. اجلاس میں ایم پی اے علی غلام نظامانی، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ ،سیاسی رہنما وریام فقیر خاصخیلی اور متعلقہ حکام نے شرکت کی. اجلاس میں کمیٹی کے اراکین نے او جی ڈی سی ایل کی جانب سے آیل فیلڈ کے 5 کلو میٹر کے فاصلے پر علاقوں میں تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم نہ کرنے کی شکایات کرتے ہوئے کہا کہ تیل کمپنیوں کو پابند کیا جائے تاکہ ترقیاتی کام کرانے کے ساتھ مقامی لوگوں کو روزگار فراہم کیا جائے. اس حوالے سے ایم این اے نوید ڈیرو نے گیس آئل کمپنیوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ فوری طور پر ترقیاتی کاموں، علاقوں کو گیس کی فراہمی اور مقامی لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کے تفصیلات کمیٹی کے سامنے پیش کی جائیں. اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ نے بتایا کہ اس وقت پیٹرولیم سوشل ویلفیئر میں ایک ہزار 2 ملین روپے موجود ہیں جبکہ گزشتہ 7 سال سے رائلٹی کی مد میں ایک روپیہ بھی نہیں ملا اور نہ ہی آسپاس کے علاقوں کو گیس فراہم کیا گیا جو ضلع بھر کے عوام سے ناانصافی ہے. انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کو شکایت کی جائے گی. اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے ایم این اے نوید ڈیرو نے کہا کہ گیس کمپنیوں اور حکومت سندھ کے مشترکہ تعاون سے ضلع میں ایک ٹراما سینٹر قائم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے جبکہ رائلٹی کے مد ملنے والی رقم عوام کی فلاح بہبود کے لئے استعمال کی جائے گی.۔
آئل اورگیس کمپنیوں میں مقامی لوگوں کوروزگاردیاجائے ،شہری حلقے
Nov 15, 2020