کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کشمور سندھ میں ماں اور بیٹی کے اغواء اور زیادتی کے خلاف تحریک التواء سینیٹ سیکریٹریٹ کے شعبہ اجراء ورسید میں جمع کرا دی۔تحریک التواء سینیٹ کے قواعد و ضوابط مجریہ 2012ء کے قاعدہ 85 کے تحت جمع کرائی گئی ہے ۔صوبائی ترجمان مجاہد چنا کے مطابق تحریک التواء میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کی11نومبر 2020رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پانچ سالہ بچی اور اسکی ماں کو کراچی سے ملازمت کے بہانے اغواء کرکے کشمورلایا گیا . مجرم پنے دیگر دوستوں کے ساتھ ملکر ماں اور بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بناتے رہے ۔اس دوران بچی کی ماں نے پولیس کو اطلاع دی۔تحریک التواء میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ پولیس خصوصا اے ایس آئی محمد بخش برڑو اور اسکی اہلیہ اور بیٹی کی طرف سے معصوم بیٹی کی جاں بچانے کے لیے انتہائی ہمت اور جرات کے ساتھ قربانی کا مظاہرہ کرنا انتہائی قابل قدر اور عظیم کارنامہ ہے۔ تحریک التواء میںپرنٹ میڈیا کی13نومبر کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ گزشتہ چھ سالوں کے دوران بائیس ہزار سے زیادہ زیادتی کے واقعات ہوئے۔وفاقی اور صوبائی حکومتیں ان واقعات کو روکنے،مجرموں کو گرفتار کرکے سزا دلانے میں بری طرح ناکام ہوئیں ہیں۔تحریک التواء میں افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 2020 ملک میں بچوں اور خواتین کے زیادتی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔عدالتوں کی طرف سے پورے ملک میں زیادتی کے مجرموں کو نظام کی کمزوری کا سہارا لیتے ہوئے ضمانتوں پر رہااور بری کرنے سے مجرموں کو حوصلہ ملا ہے۔