لاہور(سپورٹس ڈیسک )نسل پرستانہ زبان کے استعمال کے الزامات کے بعد انگلش کاؤنٹی کرکٹ کلب ایسیکس کے چیئرپرمین جان فریگھر عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔جان فریگھر نے خود پر عائد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا،ان پر 2017 کے اجلاس کے دوران نسل پرستانہ زبان کے استعمال کے الزامات لگے، اب اس بات کی بھی تحقیقات کی جائیں گی کہ ان الزامات کی اس وقت آزادانہ اور شفاف تحقیقات کیوں نہیں کی گئیں۔حال ہی میں کلب کے چیف ایگزیکٹو کا عہدہ سنبھالنے والے جان سٹیفنسن نے دو ٹوک موقف اپنایا کہ ایسیکس کاؤنٹی کرکٹ کلب میں کسی بھی قسم کے امتیازی سلوک کی کوئی گنجائش نہیں۔یہ الزامات ایک ایسے موقع پر سامنے آئے ہیں جب ایسیکس کے حریف کلب یارکشائر کو بھی نسل پرستی کے الزامات کا سامنا ہے، چند روز قبل اس بات کا انکشاف ہوا تھا کہ یارکشائر کے سابق کرکٹر عظیم رفیق کو کلب کے چیئرپرسن اور چیف ایگزیکٹو کے ہاتھوں نسل پرستانہ رویے کا سامنا کرنا پڑا تھا اور ہراساں بھی کیا گیا تھا۔یارکشائر کلب کی نمائندگی کرنے والے انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان جو روٹ نے بھی تبدیلی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہیڈنگلے میں پیش آنے والے واقعات نے ہمارے کھیل کو نقصان پہنچایا۔انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے کہا کہ ہمارے کھیل میں امتیازی سلوک یا نسل پرستانہ رویے کی کوئی گنجائش نہیں۔ انگلش کرکٹ بورڈ نے جان فریگھر پر الزامات کی رپورٹ ملنے کے بعد انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے ایسکس کاؤنٹی کرکٹ کلب کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور اس کے نتیجے میں فریگھر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے کیونکہ انگلش بورڈ ان الزامات کو بہت سنجیدگی سے لے رہا ہے۔