لاہور(سپورٹس رپورٹر)سابق کپتان شاہد آفریدی نے ویرات کوہلی کو دیگر دو فارمیٹس کی کپتانی بھی چھوڑنے کا مشورہ دے دیا۔انہوں نے روہت شرما کو بھارتی ٹی ٹونٹی ٹیم کا کپتان مقرر کیے جانے کے فیصلے کو سراہااور کہا کہ روہت شرما ایک شاندار کھلاڑی ہیں اور شاٹ سلیکشن ان کی خصوصیت ہے، وہ فیلڈ میں پرسکون اور جارحیت کا درست مکس اپ ہیں۔ انہوں نے آئی پی ایل ٹیم دکن چارجرز میں روہت شرما کے ساتھ کھیلا ہے، وہ بہترین شاٹ سلیکشن رکھنے والے کھلاڑی ہیں، جہاں ضرورت ہوتی ہے وہ مطمئن رہتے ہیں اور جہاں جارحیت دکھانا ہوتی ہے وہ ایسا ہی کرتے ہیں، انہوں نے ان کے دونوں انداز دیکھے ہیں۔ بھارتی ٹیم میں کپتانی کی تبدیلی کا عمل ہونا تھا لیکن روہت شرما کو لازمی چانس ملنا چاہیے۔ویرات کوہلی کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کوہلی کو بطور کھلاڑی اپنے کیرئیر کو آگے بڑھانا چاہیے، انہیں بھارتی ٹیم کے دیگر دو فارمیٹس کی کپتانی سے بھی دستبرداری اختیار کرنی چاہیے۔کپتانی کوئی آسان ٹاسک نہیں اور خاص طور پر پاکستان، بھارت جیسے ممالک میں یہ بہت مشکل ہے، جب تک سب ٹھیک چل رہا ہو تو کپتانی اچھی رہتی ہے اس لیے ویرات کو صرف بطور کھلاڑی آگے چلنے کا فیصلہ کرنا چاہیے، اس سے ان پر پریشر میں کمی آئے گی اور وہ کرکٹ سمیت اپنی بیٹنگ کو انجوائے کریں گے۔
شاہد آفریدی نے ویرات کوہلی کو کپتانی چھوڑنے کا مشورہ دیدیا
Nov 15, 2021