لاہور(سٹاف رپورٹر ) یونیورسٹی آف ایجوکیشن کا آٹھواں جلسہ عطائے اسناد بینک روڈ کیمپس میں منعقد ہوا، جس میں 6719 طلبہ و طالبات کو ڈگریوں جبکہ 68کو میڈلز سے نوازا گیا۔ ان طلبہ و طالبات میں 29 پی ایچ ڈی اور308 ایم فل بھی شامل ہیں۔ کانووکیشن کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہ امتیاز) نے کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا نے کہا یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے آٹھویں جلسہ عطائے اسناد کی صدارت کرتے ہوئے مجھے بے حد مسرت محسوس ہو رہی ہے کیونکہ بطور ایک استادمیں کامیاب ہونے والے طلبہ کے چمکتے دمکتے چہروں پر جو خوشی دیکھ رہا ہوں وہ میرے لئے حد درجہ باعث اطمینان ہے انہوں نے کہا کہ کانووکیشن کا دن ایک لحاظ سے طلبہ کے لئے تعلیمی حوالے سے روز جزا کہلایا جا سکتا ہے کیونکہ اس دن ان کو گزشتہ سالوں کی شبانہ روز محنتوں کا ثمر ملتا ہے ۔آخر میں وائس چانسلر نے تمام معزز مہمانان کا ان کی آمد پر شکریہ ادا کیا اس موقع پر تمام ڈویڑنوں کے ڈائرکٹر اور کیمپسوں کے پرنسپل حضرات سمیت پرووائس چانسلر ڈاکٹر محمد ارشد اور ٹریررقیصر اقبال نے بھی شرکت کی۔