نئی دہلی (اے پی پی) سکھوں کے ایک وفد نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی ہے اور ان پر پاکستان میں کرتارپور صاحب گوردوارہ کی یاترا کو یقینی بنانے کے لیے کرتار پور راہداری کو دوبارہ کھولنے پر زور دیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پنجاب، دہلی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنمائوں کے گیارہ رکنی وفد نے اتوارکو وزیراعظم نریندر مودی سے نئی دہلی میں ان کی سرکاری رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ سکھ رہنماؤں نے19 نومبر کوگرو نانک دیو کے یوم پیدائش سے پہلے پہلے کرتار پور راہداری کو دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کیا۔ دوسری طرف شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی امرتسر کی صدر بی بی جاگیر کور نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کو خط لکھ کر کرتار پور کوریڈور کو دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔ خط میں مطالبہ کیا کہ سنگت کے عقیدے سے وابستہ سری کرتارپور صاحب کی راہداری کو فوری طور پر کھولا جائے اور اس کے لیے گرو نانک کے یوم پیدائش کے موقع پر پہل کی جائے۔