کرونا،11اموات ، 12تا15سال کے بچوں کی ویکسی نیشن 21نومبر تک معطل

اسلام آباد (خبر نگار) ملک بھر میں کرونا کی چوتھی لہر دم توڑ نے لگی۔ چوبیس گھنٹے کے دوران وائرس سے متاثر گیارہ افراد دم توڑ گئے۔ اتوار کو این سی او سی کے مطابق  24 گھنٹوں میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 0.77 فیصد تک گر گئی۔ ملک بھر میں کرونا سے جاں بحق افراد کی تعداد28  ہزار606  ہو گئی۔24 گھنٹے کے دوران33  ہزار760  کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے263  افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ملک بھر میں کرونا سے متاثرہ ایک ہزار ایک سو چودہ مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کرونا سے متعلق پابندیوں پر نظرثانی کی اور پابندیوں میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پابندیوں پر نظرثانی کا فیصلہ کرونا کی صورت حال میں بہتری پر کیا گیا۔ پشاور، نارووال، جہلم میں نصف آبادی کی کرونا ویکسی نیشن ہو چکی ہے۔ اسی طرح منڈی بہاؤ الدین، بھمبر، باغ اور میرپور میں بھی نصف آبادی نے ویکسین لگوا لی ہے۔ سکردو، گلگت، غذرمیں نصف سے زائد آبادی کی ویکسی نیشن ہو چکی ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی نصف سے زائد آبادی کی کرونا ویکسی نیشن کر لی گئی ہے۔ 40 فیصد سے کم ویکسی نیشن شرح والے شہروں میں پابندیاں برقرار رہیں گی۔ جبکہ شہر کی 40فیصد سے زائد آبادی کی ویکسی نیشن پر پابندیوں کا خاتمہ ہوگا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق 12تا 15 سالہ بچوں کی ویکسینیشن جزوی معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بچوں کی ویکسینیشن 15تا 27نومبر معطل رہے گی۔ اس حوالے سے این سی او سی نے یہ بھی بتایا کہ ویکسینیشن کی معطلی کا فیصلہ قومی انسداد خسرہ و روبیلا مہم کے باعث ہوا۔

ای پیپر دی نیشن