کراچی (نوائے وقت رپورٹ) جی ڈی اے رہنما فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ ہمیں وفاقی حکومت سے بہت شکوے ہیں لیکن ہمیں یہ بھی دیکھنا ہے ہمارے پاس آپشنز کیا ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ اصلاحات لا رہے ہیں تو ہمارے تحفظات کو بھی دور کیا جائے۔ اس پر تو اتفاق ہے کہ انتخابی اصلاحات ہونی چاہئیں۔ سپیکر قومی اسمبلی اپوزیشن کو اتنا موقع دیتے ہیں کہ ہمیں موقع ہی نہیں ملتا۔ ایم کیو ایم کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ہمیں الیکٹرونک ووٹنگ مشین پر تحفظات ہیں۔ ہم نے حکومت سے کہہ دیا تھا کہ ای وی ایم پر ہمارے تحفظات دور نہیں ہوئے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہمارے خدشات کا احترام کرنا چاہئے۔ ووٹنگ مشین پر بریفنگ دلوانے کا کہا تھا۔ شبلی فراز کے پاس ہمارے کئی سوالات کا جواب نہیں تھا۔ دو تین ووٹنگ مشینوں کی بات کی جا رہی تھی ہمیں علم نہیں استعمال کون سی ہو گی۔ مشین جس کے پاس ہو گی اسے ٹیمپر کرنے کی صلاحیت بھی ہو گی۔ حکومت کے پاس اس سوال کا جواب نہیں تھا۔ ہمیں ٹیمپر والی بات کا کوئی جواب نہیں ملا۔ اگر حکومت کہہ دے مشین فوری استعمال نہیں ہو گی تو اس پر بات ہو سکتی ہے۔ ہم نے قومی اسمبلی میں الیکشن اصلاحات کی منظوری پر حکومت کا خیال کر لیا تھا۔ ہم نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ملتوی کرنے کی بات نہیں کی تھی۔
حکومت بہت شکوے ہیں، جی ڈی اے: ووٹنگ مشین پر تحفظات دور نہیں ہو ئے: متحدہ
Nov 15, 2021