لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ (ق) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس مسلم لیگ پنجاب کے صدر چودھری پرویز الہٰی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں تمام ارکان نے چودھری شجاعت حسین کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ مسلم لیگی ارکان اسمبلی نے بڑھتی ہوئی بیروزگاری اور مہنگائی پر تشویش کا اظہار کیا۔ اجلاس میں ڈالر، پٹرول، بجلی اور گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور امن و امان کی ابتر صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ عام آدمی اذیت میں مبتلا ہے، عوامی نمائندے اپنے حلقوں میں عوام کا سامنا کیسے کریں، ان تمام وجوہات کی بنا پر حکومت کے ساتھ چلنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ حکومت عوامی مشکلات کے تدارک میں ناکام دکھائی دیتی ہے، حکومت نان ایشوز کو ایشوز بنا کر عام آدمی کے زخموں پر نمک چھڑک رہی ہے، عام آدمی کو ریلیف نہ دیا گیا تو حالات مزید بگڑیں گے، حکومت سنجیدگی سے ان تمام ایشوز کا فی الفور ازالہ کرے۔ وفاقی وزراء طارق بشیر چیمہ، مونس الہٰی، سینیٹر کامل علی آغا، ارکان قومی اسمبلی سالک حسین، حسین الہٰی، مسز فرخ خان، صوبائی وزراء حافظ عمار یاسر، باؤ رضوان، ارکان پنجاب اسمبلی ساجد احمد خان بھٹی، عبداللہ یوسف وڑائچ، ڈاکٹر محمد افضل، احسان الحق چودھری، شجاعت نواز اجنالہ، خدیجہ عمر سمیت خیبر پختونخوا اسمبلی کے رکن مفتی عبیدالرحمن اور مسلم لیگی رہنما شافع حسین بھی اجلاس میں شریک تھے۔
عام آدمی ازیت میں ، حکومت کیساتھ چلنا مشکل ، ق لیگ : فیصلوں کا اختیار پرویز الہی کو دیدیا
Nov 15, 2021