کراچی (خبرنگارخصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گھٹتی آمدنی اور بڑھتی مہنگائی کے بحران کو روکنے کے لئے عمران خان عملی اقدامات کریں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بڑی بڑی باتیں کرکے اقتدار حاصل کرنے والے عمران خان کے پاس بحرانوں کے حل کے لیے نہ کوئی وژن ہے اور نہ کوئی منصوبہ، وہ مہنگائی روکیں یا گھر جائیں۔ عمران خان ہر بحران پر نوٹس لے کر آخر میں میں کیا کروں کا اعلان کرکے نئے بحرانوں کو پیدا کرنا شروع ہو جاتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج ملک میں عام آدمی مہنگائی کی وجہ سے پریشان ہے اور اس کی صرف ایک وجہ عمران خان کی نااہلی ہے۔ قوم مہنگائی کی صورت میں تبدیلی کی وہ خوف ناک قیمت ادا کررہی ہے جس کا ازالہ اگلی کئی حکومتوں کو کرنا ہوگا۔