ملتان (سپیشل رپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے ملتان میں عوامی اجتماعات اور ورکرز کنونش سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست پر حاکمیت اللہ تعالیٰ کی تسلیم کر کے بحرانوں سے نجات پائی جا سکتی ہے۔ شخصی آمریتوں ،شخصیات کے بت تراش کر پوجا اور توقعات ، اشراکیت، سیکولرازم، مفاداتی نظام ناکام ہو گئے۔آئین پاکستان اور قرآن وسْنت کی بالا دستی کا نظام بھی اسلامی ،خوشحال اور مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے جماعت اسلامی سماجی سطح پر برادری، نسلی امتیاز، تعصبات سے بالاتر ہو کر انسانی مساوات، احترام جان ومال، احترام عزت وآبرو کے تحفظ کا نظام غالب کرے گی۔ تعلیم،صحت ، روزگار کا تحفظ اور شرم وحیاء ، حقوق کے حصول کا بااعتماد نظام قیام پاکستان کی منزل ہے۔ اسلامی پاکستان کا مطلب محض سزاؤں کا نفاذ نہیں ، اسلامی فلاحی ریاست کاقیام ہے۔ لیاقت بلوچ نے سینئر ایڈووکیٹ جمشید حیات شیخ کی اہلیہ کی وفات پر تعزیت، سینئر رہنما راؤ ظفراقبال اور جنوبی پنجاب کے مرکزی میڈیا ڈائریکٹر کنور صدیق کی عیادت کی۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان حکومت کے متعلق پورے ملک میں مایوسی پھیل رہی ہے،عوام کو یہ یقین ہو گیا کہ عوام سے دھوکہ ہو رہا ہے۔ پی ٹی آئی نے خالی نعروں،بلندبانگ دعوؤں سے پْرفریب ماحول بنایا۔انجینئرڈ سیاسی انتخابی حکومتی نظام نہیں چل سکتا، عوام کا اعتماد بحال کیا جائے۔شفاف اورغیرجانبدارانہ انتخابات ہی قومی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔عمران خان ناکامی تسلیم کریں اور استعفیٰ دیں۔ لیاقت بلوچ نیفرینڈ آف الخدمت فاؤنڈیشن کے عشائیہ سے بھی خطاب کیا۔