اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمشن آف پاکستان نے عمران خان کے خلاف فوجداری مقدمہ کے لیے توشہ خانہ ریفرنس ٹرائل کورٹ کو بھیج دیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس الیکشن ایکٹ کے سیکشن 137، 170، 167 کے تحت بھجوایا گیا ہے۔ الیکشن کمشن نے توشہ خانہ ریفرنس ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو بھجوا دیا۔ الیکشن کمشن کے مطابق ٹرائل کورٹ عمران خان پر کرپٹ پریکٹس کا ٹرائل کرے۔ واضح رہے کہ الیکشن کمشن نے عمران خان کے خلاف فوجداری کارروائی کا حکم دیا تھا۔ گزشتہ ماہ الیکشن کمشن نے توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو نااہل قرار دیا تھا جبکہ ان کی قومی اسمبلی کی نشست خالی قرار دیتے ہوئے فوجداری کارروائی شروع کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔ الیکشن کمشن نے قرار دیا تھا کہ عمران خان کرپٹ پریکٹس میں ملوث رہے، جھوٹا سٹیٹمنٹ جمع کرانے پر آرٹیکل 63 ون پی کے تحت انہیں نااہل قرار دیا جارہا ہے، ان کے خلاف فوجداری کارروائی شروع کی جائے۔ الیکشن کمشن نے عمران خان کو مس ڈیکلریشن کا مرتکب قرار دیتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے جان بوجھ کر الیکشن کمشن میں غلط گوشوارے جمع کرائے اور ملنے والے تحائف گوشواروں میں ظاہر نہیں کیے، انہوں نے سال 2018-2019ء میں تحائف کی فروخت سے حاصل رقم بھی ظاہر نہیں کی۔ فیصلے میں کہا گیا کہ عمران خان کا پیش کردہ بنک ریکارڈ تحائف کی قیمت سے مطابقت نہیں رکھتا، انہوں نے اپنے جواب میں جو موقف اپنایا وہ مبہم تھا، انہوں نے مالی سال 2020-21ء کے گوشواروں میں بھی حقائق چھپائے جس کے نتیجے میں انہوں نے الیکشن ایکٹ کی دفعات 137، 167 اور 173 کی خلاف ورزی کی۔
الیکشن کمشن نے عمران کیخلاف فوجداری مقدمہ کیلئے توشہ خانہ ریفرنس ٹرائل کورٹ بھجوادیا
Nov 15, 2022