اسلام آباد؍ لاہور (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مبینہ امریکی سازش کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے فریب نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کو دیا گیا انٹرویو اس چیز کی یاد دلاتا ہے کہ کس طرح اس نے اپنے سیاسی مفادات کے لیے پاکستان کے بیرونی تعلقات کو نقصان پہنچانے میں کردار ادا کیا۔ وزیراعظم نے لکھا کہ پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے والے عمران خان کی مکاری اور غداری سے قوم حیران ہے۔ دوسری طرف وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کو جواب دینا ہو گا کہ حکومت کی تبدیلی پر اپنائے گئے۔ بیرونی ملک کی سازش کے ان کے بیانیے میں اچانک تبدیلی کیسے آئی۔ وفاقی وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیراعظم ہی آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ کیں گے۔ یہ ان کی صوابدید ہے۔ آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ نہیں ہوا۔ ابھی تک نوازشریف سے آرمی چیف کی تعیناتی پر مشاورت نہیں ہوئی۔ یہ ہوائی خبریں ہیں۔ صحافی کے سوال پر وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ عمران خان ہر چیز سے مکر جاتے ہیں۔ گزشتہ چار سال سے کتنی باتیں کیں۔ عمران خان کس حالت میں ہوتا ہے اور کیا کہہ جاتا ہے اسے خود یاد نہیں رہتا۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاسی زندگی یوٹرن سے بھرپور ہے۔ عمران خان کبھی کسی ایک نکتے پر کھڑا نہیں رہا۔ چار سال میں کتنی باتیں کیں‘ کس بات پر کھڑا رہا۔ وقت آگیا ہے کہ عوام عمران خان کے گریبان پر ہاتھ ڈالیں۔ عمران خان کی حکومت کو آ ئینی طریقے سے باہر نکالا۔ عمران خان لانگ مارچ میں حقیقی آزادی کا رونا رو رہا ہے۔ امپائر کی انگلی کا انتظار کل بھی کر رہا تھا‘ آج بھی کر رہا ہے۔ عمران خان کو اپنے جھوٹے بیانیے کی سیاسی قیمت اب ادا کرنا پڑے گی۔ وہ چاہتاہے کہ اس کے سر پر کوئی ہاتھ رکھے۔ یہ ہمارے معاشرے اور وجود کیلئے وارننگ ہے جو ایسے فراڈیئے پر یقین کرتے ہیں۔ یہ درودیوار گواہ ہیں کہ اس ملک کی قسمت سے کھیلا گیا۔ ساڑھے تین سال کی کرپشن سے سب واقف ہیں۔ اصلی گھڑیوںکی جگہ نقلی گھڑیاں رکھ دی گئیں۔ ہماری حکومت نے گزشتہ آٹھ ماہ میں کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا۔ اب وقت آگیا ہے کہ قوم عمران خان کا محاسبہ کرے۔ عمران خان کے دور میں سیاسی انتقام کی آڑ میں رشتوں کا تقدس پامال کیا گیا۔ ہم نے کسی پر آرٹیکل 6 نہیں لگایا۔ آصف زرداری کی بہن اور نوازشریف کی بیٹی کو جیلوں میں ڈالا گیا۔ عمران خان کو رشتوں کی پہچان نہیں‘ امریکہ سے تعلقات میں اتار چڑھائو آتا رہا مگر ہم نے امریکہ پر کوئی الزام نہیں لگایا۔ نہ صرف امریکہ بلکہ پاکستان میں بھی منت سماجت جاری ہے۔ عمران خان نے امریکہ پر بھی الزام لگایا۔ آج کہا ہے بیرونی سازش اور سائفر کو بھول جائو۔ جی ٹی روڈ پر جو حالات ہیں بتانے کی ضرورت نہیں۔ آٹھ ماہ سے ان کا گند صاف کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ عمران خان نے گزشتہ روز دوبارہ یو ٹرن لیا۔ لوگوں پرکوئی اثر نہیں ہوا۔ یہ شخص جن لوگوں سے پیسے لے رہا ہے ہمارے پاس تمام تفصیل ہے۔ اس شخص نے سوہاوہ میں زمین لے لی۔ 50 کروڑ روپے بھی لے لئے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان نے آئینی عمل کو بیرونی سازش سے تعبیر کیا۔ ہماری حکومت کو عمران خان نے لیبل لگایا یہ جعلی و امپورٹڈ حکومت ہے۔ امریکی سازش کے جھوٹے بیانیے پر ملکی مفادات کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا۔ جو ملک اس کو فنانس کر رہے ہیں اس کی تفصیل دے سکتا ہوں۔ جب اس ہائوس میں تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی تو ایک نئے دور کا آغاز ہوا۔ عمران نے گزشتہ روز انٹرویو میں کہا یہ سب ختم ہو گیا اور میں اسے پیچھے چھوڑ آیا۔ اس طرح نہیں کہ تم امریکی اخبار کو انٹرویو دیکر جان چھڑا لو۔ عمران خان اقتدار اور دولت کی ہوس میں سرفہرست ہے۔ وہ چاہتا ہے باہر سے اور اندر سے کوئی اس کے سر پر ہاتھ رکھے۔ شرم آتی ہے کہ اقتدار کے ایوانوں میں ایسے لوگ پہنچ گئے۔ اب اپنے زخموں کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر چڑھا رہا ہے۔ اس ملک کی سیاست میں ایک بڑا حادثہ تھا کہ اس کو اقتدار مل گیا۔ آج کہا ہے کہ سب کچھ بھول جائو۔ ابھی تک فیصلہ نہیںہو سکا عمرا خان کو تین گولیاں لگیں یا چار لگیں یا 6 لگیں۔ وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نام نہاد حقیقی آزادی کا چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے، عمران خان نے اپنے سیاسی مفادات کے لئے سنگین کھیل کھیلا، قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالا، پاکستان کے خارجہ تعلقات کو تباہ کرنے کی کوشش کی، اب کہتے ہیں امریکی سازش والی بات ختم، آج امپوٹڈ اور رجیم چینج کے جھوٹے بیانیے سے دستبردار ہو گئے، عمران خان ایسے نہیں چلے گا، آپ کو جواب دینا پڑے گا۔ پیر کو سابق وزیراعظم عمران خان کے فنانشل ٹائمز کو انٹرویو پر اپنے رد عمل میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان! امریکی سازش کا بیانیہ پس پشت ڈالنے سے بات ختم نہیں ہو گی، آپ کو جواب دینا پڑے گا، جس بیانیہ پر آپ نے پورے ملک میں انتشار اور جھوٹ پھیلایا، جواب دئیے بغیر صرف دستبرداری کافی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج صرف عمران سے سوال نہیں بلکہ عمران کی بات پہ یقین کرنے والوں اور جھوٹے، ملکی مفاد سے کھیل کھیلنے والے فارن فنڈڈ فتنے کی بات سننے والوں کے لئے بھی سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان، افواجِ پاکستان، اداروں کو غدار ٹھہرا کر صرف یہ کہہ دینے سے بات ختم نہیں ہوتی کہ its behind me and its over ۔ کیا انہوں نے اپنے حامیوں کو پاگل اور بھیڑ بکریاں سمجھ رکھا ہے؟۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے امریکی سازش، امپورٹڈ حکومت اور رجیم چینج کا بیانیہ پسِ پشت اس لئے ڈالا کیونکہ وہ کبھی موجود تھا ہی نہیں۔ آج نام نہاد حقیقی آزادی کا اصل چہرہ مکمل طور پر بے نقاب ہو گیا ہے۔خواجہ آصف نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان کسی کے لاڈلے نہیں ہیں۔ عمران خان نے نیوٹرل کو گالی بنا دیا۔ سیاستدان نہیں وہ ایک موقع پرست شخص ہے۔ جو بات سے ہٹ جائے تو اس کا احتساب ہونا چاہئے۔ عمران خان نے اب امریکہ کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں۔ امپورٹڈ حکومت تو یہ خود ہوں گے۔ عمران خان لانگ مارچ میں پنجاب حکومت کے حصار میں رہنا چاہتے ہیں۔ حملے کی ایف آئی آر درج نہیں ہو رہی تو عمران خان پرویز الطہی کو کہیں۔ عمران خان سے معیشت کے معاملات پر بات چیت ہو سکتی ہے۔
کراچی + اسلام آباد + پشاور (نمائندہ خصوصی + آئی این پی) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ امریکی سازشی بیانیے سے محض دستبرداری کافی نہیں، عمران خان کو جھوٹ کا جواب دینے کے ساتھ قوم اور ریاست سے معافی مانگنی ہو گی۔ عمران خان کے انٹرویو پر ردعمل میں حافظ حمد اللہ نے کہا کہ امریکی سازشی بیانیہ سے دستبرداری، واشنگٹن سے دوستی عمران کا میگا یوٹرن ہے۔ وہ سائفر کو بنیاد بنا کر7 ماہ پاکستانی قوم کے جذبات سے کھیلتے رہے، انہوں نے پاکستان کی آزادی، خودمختاری، خودداری اور سالمیت کو داؤ پر لگایا، عمران خان نے پاکستان کو دنیا میں تنہا اور رسوا کر کے تماشا بنادیا، سائفر ہاتھ میں ہلا ہلا کر جھوٹ بولا اور قوم کو بیوقوف بنایا، آپ کا محاسبہ ضروری ہے، نیا پاکستان، ریاست مدینہ، غلامی نامنظور، حقیقی آزادی کے جھوٹے نعروں پر قوم مزید اعتماد نہیں کرے گی۔ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان نے دہری سیاسی تاریخ کا سب سے بڑا یوٹرن لے لیا۔ ملک کو سفارتی نقصان پہنچا کر کہتے ہیں معاملہ پیچھے رہ گیا اب الزام نہیں لگاؤں گا، ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں نفرت پھیلائی، شیری رحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان اب معاملے سے دستبردار ہونے کی کوشش نہ کریں۔ یہ 35 پنکچر کا معاملہ نہیں جو بعد میں کہیں گے کہ سیاسی بیان تھا، ان کا کہنا تھا کہ یہ قومی سلامتی کا معاملہ تھا جس کا عمران خان کو حساب دینا ہو گا۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے غیر ملکی سازش بیانیہ اور اب دستبرداری پر عمران خان کو پارلیمانی کمشن میں طلب کر کے آئین کا نفاذ کرنے کا مطالبہ کیا ہے غیر ملکی اخبار کو انٹرویو میں سائفر بیانیہ سے دستبرداری من گھڑت سازش کا اعتراف جرم ہے۔ وزیراعظم کا عہدہ حاصل کرنے والے عمران خان نے اپنے ماتھے پر "حب الوطنی" سے ناآشنا شخص کا داغ سجایا ہے۔ سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی سید نیئر حسین بخاری نے غیر ملکی اخبار کو انٹرویو ہر ردعمل میں کہا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی نے عمران خان کے کرو اور جھوٹے بیانیہ کو مسترد کیا تھا‘ انہوں نے کہا ہے کہ قومی سلامتی اداروں کے خلاف گھنائونی سازش کا جھوٹا پلندا لہرانے والے اپنا" گندہ کردار" سامنے لے آیا ہے یو ٹرن ماسٹر نے غیر ملکی اخبار انٹرویو میں جھوٹ کا اعتراف کیا ہے۔ عمران خان کی سازشی ذہنیت آشکار ہو گئی ہے۔ یہ بات روز روشن روشن کی طرح عیاں ہوگئی ہے کہ اپوزیشن نے سازشی کو نکال کر قومی خدمت سر انجام دی ہے۔ اپوزیشن نے ملک کے لئے خطرے ناک بننے والے عمران خان کو آئینی ہتھیار سے بروقت نکال بائر کر کے ملک و ملت کو کسی بڑے سانحے سے بچایا۔ اے این پی کے سربراہ اسنفدیار ولی نے کہا ہے کہ غیرملکی اخبار کو انٹرویو میں خود مان لیا۔ عمران خان نے تسلیم کر لیا امریکی سازش کا نعرہ عوام کو گمراہ کرنے کی سازش تھی۔ ملکی سالمیت کو داؤ پر لگانے والا کہہ رہا ہے معاملہ ختم ہو چکا اب آگے بڑھ چکا ہوں۔ اصلیت سامنے آ رہی ہے۔ عوام کے جذبات سے کھیل کر امریکی غلامی نامنظور کا نعرہ لگایا سب سے بڑا غلام یہ خود ہے۔