قوم ابھی تک غلامی کی زنجیروں میں جکڑی ہوئی ہے: جسٹس (ر) ناصرہ اقبال


 لاہور (نیوز رپورٹر) 139ویں یومِ اقبال کے حوالے سے انجمن حمایتِ اسلام کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حمایتِ اسلام وومن کمپلیکس کمیٹی کی رکن جسٹس (ر) ناصرہ اقبال نے کہا انجمن حمایتِ اسلام کے اراکین کو فخر ہونا چاہیے کہ علامہ اقبال اور قائداعظم کی قیادت میں اہلِ لاہور نے برصغیر کے مسلمانوں کی آزادی کی تحریک کو کامیابی سے ہمکنار کیا تھا۔ بدقسمتی سے قوم ابھی تک غلامی کی زنجیر میں ہی جکڑی ہوئی ہے۔ افراد کے باہمی اختلافات قوم اور ملک کی ترقی کے راستے میں رکاوٹ ہیں۔ اقبال نے انسانی حرمت کا تصور دیا جس میں اقلیتیں بھی شامل ہیں۔ قائداعظم نے بھی ہمیں ہر شہری کو مساوی حقوق دینے کی ہدایت کی تھی۔ انجمن حمایتِ اسلام کے صدر سیّد ضیا حیدر رضوی نے کہا کہ 1884ع میں سرسیّد احمد خان کی فروغِ تعلیم کی تحریک سے متاثر ہو کر خلیفہ خاندان نے اہلِ لاہور کو جدید تعلیم سے روشناس کروانے کا بیڑا اٹھایا۔ پھر انجمن کے سابق صدر علامہ اقبال نے 40 سال تک اپنے نظریہ تعلیم سے انجمن حمایتِ اسلام کے سکولوں اور کالجوں کے ذریعے عصری علوم کی آگاہی کا کبھی نہ ختم ہونے والا سلسلہ قائم کیا۔ تقریب میں میاں محمد مشتاق پیرزادہ، آفتاب اسلام آغا، ڈاکٹر محمد شفیق، میاں شاہد لطیف، نسرین زبیر اور سہیل محمود بٹ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے علامہ اقبال کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ 

ای پیپر دی نیشن