لاہور(کامرس رپورٹر) پاکستانی بچوں کو اسٹیم اور اس سے متعلقہ کیریئر کی جانب راغب کرنے کیلئے امارات گروپ نے معاہدے پر دستخط کر دئیے۔ انگریزی حروف پر مشتمل اسٹیم یعنی سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، آرٹس اور ریاضی کے مضامین پر مشتمل ہے۔ اس پروگرام کا مقصد ملک میں اِن تمام مضامین کی تعلیم عام کرنا ہے۔ یہ 5 سالہ پروگرام وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے تعاون سے شروع کیا گیا جس کے تحت اسٹیم پاکستان 2027ء تک ملک بھر کے تقریباً 13 ہزار سرکاری ہائی اسکولوں میں اسٹیم مضامین پر مشتمل تعلیم کے فروغ پر کام کرے گا۔امارات گروپ اور اسٹیم پاکستان کے مابین یہ معاہدہ پاک الائنس فار میتھس اینڈ سائنس (پی اے ایم ایس) کے تعاون سے طے پایا گیا۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب 11 نومبر 2022 کو منعقد ہوئی۔ اس موقع پر گروپ ڈائریکٹر امارات ہاسپیٹیلیٹی فرحان جاوید اور اور سی ای او پاک الائنس فار میتھس اینڈ سائنس (پی اے ایم ایس) سلمان نوید خان نے معاہدے پر دستخط کیے۔گروپ ڈائریکٹر امارات ہاسپیٹیلیٹی فرحان جاوید نے کہا کہ ملک میں ضرورت اس امر کی ہے کہ طلباء و طالبات کو جدید تعلیم سے آراستہ کیا جائے۔ اس کا مقصد نوجوان طلباء و طالبات کو مستقبل میں کیریئر کے انتخاب کے حوالے سے بھرپور آگاہی دینا اور ان کو مختلف شعبوں میں عملی زندگی کے بارے میں بھرپور معلومات فراہم کرنا ہے جو اِن مستقبل کے معماروں کیلئے نہایت مفید ثابت ہو گا۔