کراچی(کامرس رپورٹر)شہر کی تجارتی تنظیموں کے نمائندوں نے معروف بزنس مین زبیر موتی والا کی بطور سی ای او ٹڈاپ تعیناتی خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ زبیرموتی والاپاکستانی مصنوعات کی نئی منڈیوں تک رسائی ممکن بنانے میں کردار ادا کریں گے۔ کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے سرپرست اعلی ایس ایم منیر، صدر فراز الرحمان، کائیٹ لمیٹڈ کے سی ای او زبیر چھایا ، کاٹی کی سینئر نائب صدر نگہت اعوان اور نائب صدر مسلم محمدی نے معروف صنعتکار زبیر موتی والا کی بطور چیف ایگزیکٹیو آفیسر، ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) کا خیر مقد م کیا ہے۔ایس ایم منیرنے کہا کہ زبیر موتی والا ایکسپورٹ انڈسٹری کی صلاحیتوں اور درپیش چیلنجز سے باخوبی واقف ہیں اور امید ہے کہ وہ پاکستانی مصنوعات کی نئی منڈیوں تک رسائی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ فراز الرحمان نے زبیر موتی والا کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایکسپورٹ میں اضافہ کیلئے اٹھائے گئے تمام اقدامات میں بھرپور تعاون کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جس طرح ماضی میں ایس ایم منیر نے ٹڈاپ کی سربراہی کی اور بیرون ملک بے شمار نمائشوں کا انعقاد کیا، زبیر موتی والا بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستانی مصنوعات کے فروغ میں مثبت کردار ادا کریں گے۔ سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر ریاض الدین، چیف کوآرڈینیٹر و سابق صدر سلیم پاریکھ، جاوید بلوانی، عبدالقادر بلوانی،محمدحسین موسانی اور ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبران نے وفاقی کابینہ کی جانب سے محمد زبیر موتی ولا کو ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان کا سی ای او نامزد کئے جانے پرمبارکباد پیش کرتے ہوئے تاجر برادری کی جانب سے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔سائٹ ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے کہا کہ بیر موتی والا تاجرو صنعتکار برادری کے مسائل کو حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں اور بطور صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر کی حیثیت سے بھی اپنی شاندارخدمات پیش کرچکے ہیں جبکہ مختلف اداروں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں ممبرز کے طور پر بھی تاجر برادری کے لیے اپنی گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن(پائما) کے سینئر وائس چیئرمین سہیل نثار، وائس چیئرمین جاوید خانانی، محمد عثمان،خورشید شیخ، ثاقب گڈلک،اسلم موٹن،حنیف لاکھانی، فرحان اشرفی و دیگر نے زبیر موتی والا کو ٹی ڈی اے پی کا چیف ایگزیگٹیو آفیسر نامزد کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوتے اسے ٹریڈ، انڈسٹری کے لیے خوش آئند قرار دیا ہے اور مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے تاجر برادری کو زبیر موتی والا پر مکمل اعتماد ہے اور وہ پرامید ہیں کہ زبیرموتی والا ملکی برآمدات کے فروغ میں فعال کردار ادا کریں گے۔نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری( نکاٹی) کے صدر فیصل معیز خان، سینئر نائب صدر شبیر اسماعیل، نائب صدر نعیم حیدر اور ایگزیکٹیو کمیٹی اراکین نے چیئرمین بزنس مین گروپ زبیرموتی والا کی بطور چیف ایگزیکٹیو آفیسرٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نامزدگی کا شاندارالفاظ میں خیرمقدم کیا ہے اور وفاقی کابینہ کے فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ زبیرموتی والا کی ٹی ڈی اے پی میں ذمہ داریاں سنبھالنے سے نہ صرف ملکی برآمدات پر اس کے اچھے اثرات مرتب ہوں گے بلکہ بزنس کمیونٹی کا کھویا ہوا اعتماد بھی بحال ہوگا۔
تاجربرادری کازبیر موتی والا کی بطور چیف ٹڈاپ تعیناتی کا خیر مقدم
Nov 15, 2022