حیدرآباد(بیورو رپورٹ)حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد فاروق شیخانی نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے بڑے شہروں کے انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے باقاعدہ پلاننگ کی جاتی اور پھر اس پر عمل پیرا ہو کر شہر کے انفرااسٹرکچر کو بہتر بناکر ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاتا ہے۔ اِسی طرح حیدرآباد کے ماسٹر پلان جس پر بہت عرصے سے انجینئرز و حکومتی آفیشلز کام کرہے تھے جو کام اب تقریباً مکمل ہوچکا ہے۔حیدرآباد کے ماسٹر پلان 2035-2007 میں حیدرآباد کے تاجروں اور شہریوں کے لیے بنیادی سہولیات، سڑکیں، پلوں، انڈر بائی پاس اوور بریجز، صاف پانی کی فراہمی، فلٹر واٹر پلانٹس، سیوریج پلانٹس، مواصلاتی نظام اور ادار ترقیات حیدرآباد کی حدود کا تعین اور مختلف زونز میں تقسیم ہی اِس کا بنیادی ڈھانچا ہے اور اِس کے علاوہ متعدد اقدامات شامل ہیں۔ماسٹر پلان ایک متحرک طویل مددتی منصوبہ بندی ہے جو مستقبل کی ترقی اور رہنمائی کو تصوراتی ترتیب فراہم کرے گا۔ ماسٹر پلاننگ عمارتوں سماجی ترتیبات اور ان کے ارد گرد کے ماحول کے درمیان تعلق کو مضبوط کرے گا۔ ماسٹر پلان شہری ماحول کو خوبصورت بنانے میں بھی اپنا اہم کردار ادا کرے گا اِس کے علاوہ ماسٹر پلان رئیل اسٹیٹ کے کاروبار سے وابستہ تاجروں اور صنعتکاروں کی حقیقی صلاحیت کو اجاگر کرنے میں مدد دے گا اور اِس ماسٹر پلان سے حیدرآباد کے ٹریفک کے مسائل کا بھی قلع قمعا ہو جائے گا۔ ماسٹر پلان پر عمل درآمد کے لئے حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے پلیٹ فارم سے متعلقہ محکمہ کے سیکریٹری و افسران کو تحریری طور پر کئی خطوط لکھے گئے ہیں۔وہ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ضلع حیدرآباد کے مسائل کے مستقل حل کے لئے حیدرآباد ماسٹر پلان 2007-2035 کے نوٹیفکیشن کو جلد از جلد جاری کروائیں اور تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کریں کہ وہ اِس پر عمل درآمد جلد از جلد کریں ۔