چکری (نامہ نگار) سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدر ی نثارعلی خان سے اظہار یک جہتی کیلئے مختلف یونین کونسلوں میں ہونے والے پروگراموں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ،جس کیلئے چکری میں کارنر میٹنگ کا اہتمام کیا گیا جس میں سابق ایم پی اے چوہدری وقارعلی خان اور سابق امیدوار ضلع کونسل اٹک سردار احسن علی خان آف ملال نے شرکت کی اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سردار احسن علی خان نے کہا کہ چوہدری نثارعلی خان عوام کی امیدوں کا مرکز اوران کے دلوں کی دھڑکن ہیں الیکشن سے قبل ہی عوام کا جوش وخروش دیدنی ہے جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ان جیسا مدبر،پڑھا لکھا، محنتی اور محب وطن اس علاقے میں تو کیا پورے ملک میں نہیں ہے ان کے سیاسی مخالفین ان پر بے بنیاد الزام تراشی کرکے اپنا قد کاٹھ بڑھانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں مگر وہ جان لیں کہ ہمارا قائد اس بار بھی تاریخی کامیابی سے ہمکنار ہوگا وہ آج بھی اپوزیشن میں ہونے کے باوجود سیاسی افق پر درخشاں ستارے کی مانند جگمگا ر ہے ہیں انھوں نے ہمیشہ حق اور سچ کا ساتھ دیا علاقے سے وفاداری کرتے ہوئے تاریخ رقم کی اپنے اصولوں اور نظریات پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا مخالفین اپنی تمام ترکاوشوں کے باوجود بھی وہ ان کے دامن پر کرپشن کا ایک دھبہ بھی ثابت نہیں کرپائے جو ان کی سیاسی میدان میں کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے ہم اپنے ہر دلعزیز قائد کی کامیابی کے لئے ایک ٹیم کی حیثیت سے محنت کررہے ہیں اور مختلف علاقوں کے لوگوں سے نہ صرف مل رہے ہیں بلکہ ان کے مسائل کے حل کے لئے جدوجہد کے سلسلے کو بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
چوہدری نثار سے اظہار یک جہتی ، مختلف یوسیزمیں پروگراموں کو حتمی شکل دیدی گئی
Nov 15, 2022