چیئرمین پی ٹی آئی کو دھمکیاں، رائے قمر مزید 3 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے 

Nov 15, 2022



گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) خصوصی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو جلسہ میں دھمکیاں دینے کے مقدمہ میں مشیر وزیر اعظم عطا تارڑ، سائرہ افضل تارڑ، محمد بخش تارڑ کی عبوری ضمانت میں سات روز کی توسیع جبکہ مرکزی ملزم رائے قمر زمان کا مزید تین روزہ جسمانی ریمانڈ دیکر اسے پولیس کے حوالے کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق رانا زاہد اقبال پر مشتمل انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں تھانہ حافظ آباد پو لیس نے جلسہ کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو دھمکیاں دینے کے مقدمہ میں گرفتار لیگی رہنما رائے قمر زمان کھرل کو ہتھکڑیاں لگا کر پیش کیا اور ملزم کے مزید ریمانڈ کی استدعا کی جس پر فاضل عدالت نے ملزم کا مزید تین روزہ جسمانی ریمانڈ دیکر اسے پولیس کے حوالے کر دیا۔ جبکہ اسی مقدمہ میں ملوث مشیر وزیر اعظم عطا تارڑ، سائرہ افضل تارڑ اور محمد بخش تارڑ بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ معزز جج نے ان کی عبوری ضمانت میں سات روز کی توسیع کر دی۔ احاطہ عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیر آباد سانحہ پر سیاست کی جا رہی ہے، واقعہ افسوسناک اور درد ناک ہے ہم اسکی مذمت کرتے ہیں۔ لانگ مارچ کے دوران معظم گوندل کو عمران خان کے گارڈ یا کسی ساتھی نے گولیاں ماریں، خیبر پختونخواہ میں بھی رانا ثناء اللہ کو بہت دفعہ دھمکیاں دی گئی ان کیخلاف بھی مقدمات درج ہونے چاہئیں۔

مزیدخبریں