اسلام آباد(نا مہ نگار)کراپ لائف پاکستان ایسوسی ایشن کی جانب سے پیسٹی سائیڈ کنٹینر مینجمنٹ پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ استعمال شدہ کیڑے مار زہروں کے کنٹینرز کی مناسب تلفی کے ذریعے ماحول اور انسان دونوں کی صحت کی حفاظت، ویسٹ مینجمنٹ اور ری سائیکلنگ کو بہتر بنانا آگہی پروگرام کا حصہ ہے۔ پراجیکٹ کے افتتاح کا اہتمام کورٹیوا ریسرچ سنٹر رینالہ میں کیا گیا جس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل ریسرچ ایوب ایگریکلچر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ڈاکٹر ایم نواز خان میکن نے کی،انہوں نے کہا کہ پراڈکٹ سٹیورڈشپ زرعی مصنوعات کی دریافت اور ترقی سے لے کر ان کے استعمال اور پھر مناسب تلفی تک انتظام کرنے کا ذمہ دارانہ اور اخلاقی طریقہ ہے۔ انہوں نے زراعت سے جڑے اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ ماحولیات اور کمیونٹی کی خاطر رہنما اصولوں پر عمل کریں۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر کراپ لائف پاکستان، رشیداحمد نے پلانٹ سائنس انڈسٹری میں کراپ لائف پاکستان ایسوسی ایشن کی طرف سے کی جانے والی کوششوں پر روشنی ڈالتے ہوئے فصلوں کے تحفظ، بیج اور زرعی بائیو ٹیکنالوجی میں بین الاقوامی ترقیوں کی وضاحت کی۔