کراچی (نیوز رپورٹر)پی آئی اے اسکاﺅٹس صوبائی ہیڈ کوارٹرز کے تحت ملک بھر میں قائم اسکاﺅٹ ہیڈ کوارٹرز پر ڈسٹرکٹ کمشنرز کے زیر نگرانی ہفت روزہ ( اقبال ہمارا ) تقریبات منعقد ہوئیں۔صوبائی کمشنر محمد شعیب ڈاہری نے صدارتی خطاب میں کہا ہے کہ علامہ اقبال نے اپنے فکر و فلسفہ اور فن شاعر ی سے پوری دنیا میں روشن خیالی اور عظمت انسان کے اعلیٰ تصورات قائم کئے۔ اقبال کے افکار اور تعلیمات کو دنیا بھر میں سمجھا گیا اور اس پر عمل کیا جاتا ہے۔ مگر ہمارے یہاں انہیں صحیح طور پر سمجھا نہیں گیا۔ آج ہمیں اقبال کی تعلیمات کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔ اقبال مصور پاکستان ہونے کے ساتھ مسلم امہ کے ترجمان بھی تھے۔مفکر اسلام کے افکار نوجوانوں کے لئے مشعل راہ ہیں ہمیںاپنے ہیروز کو فراموش کرنے کی روایت ترک کرکے انہیںدلوں میں زندہ رکھنا چاہیے ۔ صوبائی سیکرٹری ملک سلیم اقبال نے کہا کہ مفکر پاکستان علامہ اقبال کی شاعری بچوں کے لئے بڑی اہمیت کی حامل تھی۔ انہوں نے شاعر ی میں بچوں کے لئے شاہین کا لفظ استعمال کیا۔ ہم نے مصور پاکستان کی تعلیمات پر عمل نہیں کیا۔ ہم گریزاں رہے اورکئی سال گزر گئے ہم ویسا پاکستان نہ دیکھ سکے جیسا کہ علامہ کے خواب اور بانی پاکستان کی جدوجہد کا حاصل کردہ تھا۔ تقریب میں صوبائی و ضلعی عہدیداران طارق محمود،محمد عقیل،سید محبوب قادری،حق نواز،میرثاقب،وسیم الدین قریشی اورشاہد سپال ودیگر نے شرکت کی۔ اسکاﺅٹس نے مختلف مقابلوں میں حصہ لیا اور پوزیشن حاصل کی۔
PIA اسکا ﺅٹس