حیدرآباد (بیورو رپورٹ)لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد و جامشورو کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شاہد اسلام جونیجو نے کہا ہے کہ حیدرآباد سمیت سندھ کے دور دراز علاقوں سے آنے والے مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔جس کیلئے اسپتال کی پوری انتظامیہ اور عملہ رات دن مصروف عمل ہے۔وہ سول اسپتال حیدرآباد کی او پی ڈی کے سامنے 20بستروں پر مشتمل نئے قائم کئے جانے والے اورل اینڈ میگیزیلو فشل سرجری وارڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن عبدالستار جتوئی، اے ایم ایس جنرل ڈاکٹر شوکت علی لاکھو، ڈائریکٹر آئی سی یو ڈاکٹر کاشف میمن، پروفیسر ڈاکٹر محمد شہزاد ، پروفیسر ڈاکٹر کاشف علی چنڑ، اے ایم ایس او پی ڈی ڈاکٹر مجیب الرحمن کلوڑ و دیگر بھی موجو دتھے۔ایم ایس ڈاکٹر شاہد اسلام جونیجو نے کہاکہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے اس ہسپتال کیلئے نئی بلڈنگ کی منظوری دی تھی ، اس سے قبل ڈینٹل اسپتال کی یہ بلڈنگ کھنڈر بنی ہوئی تھی ، منظوری کے بعد اس پر کام شروع کیا اور اب یہ اسٹیٹ آف آرٹس وارڈبن چکا ہے اور اس میں جدید مشنری و قابل ڈاکٹروں و عملے کے ذریعے عام شہریوں اور خاص طورپر سندھ کے دور دراز علاقوں سے آنے والے مریضوں کو دانتوں اور جبڑے کی سرجری اور مفت علاج کی سہولتیں حاصل ہوسکیں گی۔