ڈیرہ اللہ یار‘نہروں کو لگنے  والے شگاف بند نہ ہو سکے

Nov 15, 2022


ڈیرہ اللہ یار(جی این ایم)گنداخا میں سیلاب سے نہروں کو لگنے والے شگاف بند نہ ہو سکے سندھ سے بلوچستان کی جانب سیلابی پانی کا اخراج ہونے کے باعث گنداخا کے چار دیہات سمیت پانچ محلے ایک بار پھر زیرآب آگئے جبکہ گنداخا اوستا محمد رابطہ سڑک پر سیلابی پانی جمع ہونے سے آمدورفت بھی جزوی طور پر معطل ہوگئی رپورٹ کے مطابق تین ماہ قبل آنے والے سیلاب سے بری طرح متاثر ہونے والی تحصیل گنداخا ایک بار پھر سیلاب کی لپیٹ میں ہے۔ سیلاب کے دوران نہروں کو لگنے والے شگافوں کے ذریعے سندھ سے سیلابی پانی کا اخراج گنداخا کی طرف مسلسل جاری ہے۔ جسکے باعث گنداخا کے علاقے گیہل پور، چاوڑا محلہ، قمبرانی محلہ، لاشاری محلہ، مدنی محلہ سمیت دیگر علاقے پھر سے زیرآب آگئے گھروں میں دو سے تین فٹ تک پانی جمع ہونے کے باعث علاقہ مکین ایک بار پھر سڑکوں اور نہروں کے کناروں پر پناہ گزین ہوگئے جبکہ دوسری بار سیلاب آنے سے درجنوں مکانات بھی منہدم ہوگئے علاقہ مکینوں وحید ظفر لاشاری، عادل جمالی و دیگر کا کہنا ہے کہ اوستا محمد انتظامیہ نہروں کو لگے شگاف بند کرنے میں سنجیدہ نہیں سندھ سے سیلابی پانی کو منچھر کی طرف اخراج کرنے کی بجائے گنداخا کی ذیلی نہروں میں اخراج کیا جا رہا ہے جسکے باعث انکے علاقے تین ماہ کے دوران دوسری بار سیلاب کی لپیٹ میں آگئے انکا کہنا تھا کہ چند ہفتے قبل ان علاقوں سے سیلابی پانی نکاس ہوتے ہی سیلاب متاثرین اپنے ٹوٹے پھوٹے گھروں کو منتقل ہونے لگے تو سندھ سے آنے والے سیلابی پانی کے باعث متاثرین ایک بار پھر بے گھر ہوگئے ادھر سیلابی پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کی وجہ سے گنداخا اوستا محمد رابطہ سڑک کا ایک حصہ زیرآب آنے سے آمدورفت جزوی طور پر معطل ہوگئی۔

مزیدخبریں