کوئٹہ (جی این ایم)بی پی ایل اے انتخابات2022ء کے سلسلے میں بلوچستان پروفیسر زاینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن پروگریسیو کے امیدواروںاور رہنمائوں کے گورنمنٹ بوائز کالج بروری اوربروری گرلز کالجز کے دورے، انتخابی منشور ، ترجیحات اور اہدف کے حوالے سے پروفیسرزکوا عتماد میں لیتے ہوئے اس عزم کااظہار کیاگیا کہ کامیابی کے بعد بی پی ایل اے کی جدوجہد وہیں سے شروع ہوگی جہاں2020ء میں یہ رک گئی تھی ،کالج پروفیسرز پروگریسیو پینل کو اپنا مینڈیٹ دیں تاکہ ایک فعال اور منظم کابینہ کو آگے لا کر پروفیسرز کوان کے معاشی حقوق دلائے جاسکیں ۔واضح رہے کہ بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کی نئی کابینہ کا انتخاب24نومبر کو عمل میں لایا جائے گا انتخابات کے سلسلے میں پروگریسیو پینل کے امیدواروںنے بلوچستان بھر کے گرلز و بوائز انٹر وڈگری کالجز کے دورے کئے اور اب آخری مرحلے میں پیر کے روزصوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے بوائز و گرلز کالجز کے شیڈول وزٹ کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔ پیر کے روز پروگریسیو پینل کے رہنمائوںنے صدارتی امیدوار پروفیسر آغازاہد کی قیادت میں پروگریسیو پینل کے نمائندہ وفدنے بروری کے بوائز و گرلز کالجز کے دورے کئے ۔اس موقع پر پروگریسیو پینل کے امیدوار برائے جنرل سیکرٹری پروفیسر یاسین بلوچ،پروفیسر عین الدین کبزئی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری نصیب اللہ ، نائب صدربرائے خواتین پروفیسرہما گل ، جوائنٹ سیکرٹری خواتین پروفیسر ماہین شیر و دیگر نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انتخاب ایک جمہوری عمل ہے ہر پینل کے پاس اپنا انتخابی منشور ہوتا ہے۔
جس کے تحت وہ انتخابات میں حصہ لیتا ہے کالج اساتذہ کی عزت اور وقار کی سربلندی اوران کے مسائل کا حل ہمارے منشور کا بنیادی حصہ ہے انہوںنے کہا کہ بلوچستان کے کالج اساتذہ گوناگوں مسائل سے دوچار ہیں نہ تو ان کی مراعات اور تنخواہیں باقی صوبوں کے برابر ہیںنہ ہی انہیں رہائشی سہولیات دی گئی ہیں حتیٰ کہ فائیوٹائرپرموشن پالیسی تک نہیں ، کالج اساتذہ ون سٹیپ اپ گریڈیشن، ہائیرایجوکیشن الائونس ،ہیلتھ کارڈاور دیگرسہولیات چاہتے ہیں پروگریسیوپینل نے ان تمام مسائل سے نمٹنے کا عزم کیا ہے بہت سارے مسائل ایسے ہیں جن کے حل کے لئے ایسوسی ایشن نے2018ء سے2020ء تک خاطرخواہ کام کیا اور ان مسائل کے حل کی راہ ہموار ہوئی لیکن بدقسمتی سے 2020ء سے یہ منظور شد ہ مطالبات سرد خانے میں چلے گئے انہوںنے کہا کہ 2020ء میں جدوجہد جس مرحلے پر رک گئی تھی کامیابی کے فوراً بعد ہم اسے وہیں سے شروع کریں گے پروگریسیو پینل کا منشور پروفیسرز کے روشن مستقبل اور ان کے مسائل کے حل کا ضامن ہے انہوںنے کہا کہ پروفیسرز کے وقار اور سربلندی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا کالج اساتذہ بی پی ایل اے انتخابات میں انتخابی نشان مشعل پر مہر لگا کر پروگریسو پینل کی کامیابی کو یقینی بنائیں تاکہ سابقہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے پروگریسو پینل کالج اساتذہ کے مسائل کے حل کے لئے فعال ومتحرک کردار ادا کرے ۔ دریں اثناء بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن پروگریسوپینل کے الیکشن آفس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پروگریسیو پینل کے امیدوارمنگل15نومبر کو سیٹلائٹ ٹائون گرلز کالج اور شیخان گرلز کالج کا وزٹ کریں گے ۔
پروفیسرز کے وقار ‘ سربلندی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا:یاسین بلوچ
Nov 15, 2022